امتحانات لازمی ہوں گے ، شفقت محمود نے افواہوں کو مسترد کردیا
امتحانات لازمی ہوں گے ، شفقت محمود نے افواہوں کو مسترد کردیا
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے 9 ویں اور 11 ویں جماعتوں کے امتحانات کی منسوخی کے بارے میں افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔
اس افواہ کو رد کرنے کے لیے کہ 9 ویں اور 11 ویں جماعتوں کے امتحانات منسوخ کردیئے گئے ہیں، وفاقی وزیر نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر جاکر کہا کہ امتحانات متعلقہ بورڈ کے ٹائم ٹیبل کے مطابق ہوں گے۔
اس سے قبل یہ افواہیں گردش کرتی رہی تھیں کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر، حکومت 9 ویں اور 11 ویں جماعتوں کے طلباء کے امتحانات منسوخ کرنے پر غور کررہی ہے۔
ایک دن قبل، وفاقی وزیر نے یہ اعلان بھی کیا تھا کہ ملک میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا آغاز 15 جون کے بعد کیا جائے گا اور اس سال طلباء کو بغیر امتحان کے ترقی نہیں دی جائے گی۔
مزید پڑھیئے: پنجاب یونیورسٹی کا فیس اور تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں اہم اعلان
ایک ٹیلیویژن شو میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے امتحانات کے انعقاد کے بارے میں کہا کہ میں بہت پر امید ہوں۔
طلباء کے اسکول کے تشخیص کردہ گریڈ دینے کے مطالبے پر روشنی ڈالتے ہوئے، شفقت محمود نے کہا کہ اگر امتحانات نہ ہوئے تو کوئی بھی پڑھائی نہیں کرے گا، انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے او اور اے لیول کے امتحانات، جو ملتوی کردیئے گئے ہیں، اکتوبر اور نومبر میں منعقد کیے جائیں گے۔
گذشتہ ماہ ، ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے، شفقت محمود اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی تجویز کے مطابق 15 جون تک امتحانات منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ 9 ، 10 ، 11 اور 12 ویں جماعت کے امتحانات، جو مئی کے آخر سے شروع ہونے والے تھے ان میں مزید تاخیر ہوئی ہے۔ اب وسط جون (15 جون) سے پہلے کسی بھی بورڈ کے امتحانات نہیں ہوں گے۔
مزید پڑھیئے: طلباء کی ایک بڑی تعداد امتحانات دینے کی خواہش مند ہے، شفقت محمود
تاہم انہوں نے کہا کہ صورتحال کا جائزہ لینے اور فیصلہ کرنے کے لیے مئی کے تیسرے ہفتے میں ایک اور اجلاس منعقد ہوگا جس میں اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ امتحانات کے انعقاد میں مزید تاخیر ہوگی یا نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اگر 15 جون کے بعد امتحانات ہوتے ہیں تو وہ جولائی اور اگست میں بھی جاری رہ سکتے ہیں۔
کیمبرج کے امتحانات کے بارے میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ او لیول اور اے لیول کے امتحانات اب اکتوبر اور نومبر میں شروع ہوں گے۔
مزید پڑھیئے: شفقت محمود نے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان کردیا
وفاقی وزیر نے کہا کہ جو طلباء پاکستانی جامعات میں داخلہ کے خواہش مند ہیں وہ جنوری تک اس قابل ہوسکیں گے کیونکہ حکومت یونیورسٹیوں کو اس سلسلے میں آن بورڈ لے گی۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ اے 2 کے طلباء کو مئی جون کے راؤنڈ میں حاضر ہونا ضروری ہے ، کیوں کہ اے ٹو پر امتحانات کے التوا کا اطلاق نہیں ہوتا۔ امتحانات کورونا وائرس کے پروٹوکولز کی سخت تعمیل کے ساتھ ہو رہے ہیں۔