شفقت محمود نے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان کردیا
شفقت محمود نے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان کردیا
وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے منگل کے روز اعلان کیا کہ ملک بھر میں انٹرمیڈیٹ کلاسوں کے امتحانات 15 جون کے بعد شروع ہوں گے۔
ایک ٹیلیویژن پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ امتحانات کے انعقاد کے بارے میں پرامید ہیں کیونکہ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتر ہورہی ہے۔
مزید پڑھیئے: طلباء کی ایک بڑی تعداد امتحانات دینے کی خواہش مند ہے، شفقت محمود
طلباء کی جانب سے اسکول کے تشخیص کردہ گریڈز دینے کے مطالبے پر روشنی ڈالتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ اگر امتحانات نہ ہوئے تو کوئی بھی پڑھائی نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے اے اور او لیولز کے امتحانات جو ملتوی کردیئے گئے ہیں، اکتوبر اور نومبر میں منعقد کیے جائیں گے۔
گذشتہ ماہ ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے شفقت محمود اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی تجویز کے مطابق 15 جون تک امتحانات منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیئے :حکومت نے اسکولوں کی فیسوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان کردیا
وفاقی وزیر نے بتایا کہ 9 ، 10 ، 11 اور 12 کو ہونے والے امتحانات، جو مئی کے آخر سے شروع ہونے والے تھے، ان میں مزید تاخیر ہوئی ہے اور اب وسط جون (15 جون) تک کسی بھی بورڈ کے امتحانات نہیں ہوں گے۔
تاہم انہوں نے کہا کہ صورتحال کا اندازہ لگانے اور فیصلہ کرنے کے لیے مئی کے تیسرے ہفتے میں ایک اور اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ امتحانات میں مزید تاخیر ہوگی یا نہیں۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ اگر 15 جون کے بعد امتحانات ہوتے ہیں تو وہ جولائی اور اگست میں بھی جاری رہ سکتے ہیں۔
کیمبرج کے امتحانات کے بارے میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ او لیول اور اے لیول کے امتحانات اب اکتوبر اور نومبر میں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جو طلباء پاکستانی یونیورسٹیز میں داخلے کے خواہش مند ہیں وہ جنوری تک اس قابل ہوسکیں گے کیونکہ حکومت یونیورسٹیز کو اس سلسلے میں آن بورڈ لے گی۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ اے 2 کے طلباء کو مئی جون کے راؤنڈ میں حاضر ہونا ضروری ہے، کیوں کہ اے ٹو پر التوا کا اطلاق نہیں ہوتا ہے۔ اے ٹو کے امتحانات کورونا وائرس کے پروٹوکول کی سختی سے تعمیل کے ساتھ ہو رہے ہیں۔