اسکولوں کے کھلنے پر سختی سے نمٹا جائے گا، مراد راس
اسکولوں کے کھلنے پر سختی سے نمٹا جائے گا، مراد راس
حکومت پنجاب نے یکم جون سے کسی بھی نجی یا سرکاری اسکولوں کے دوبارہ کھلنے کی صورت میں سخت کارروائی کا انتباہ جاری کیا ہے۔ تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس وقت تک بند رہیں جب تک حکومت نوٹیفکیشن کے ذریعے اس کی اجازت نہیں دیتی۔
مزید پڑھیں: پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن نے پہلی جون سے اسکول کھولنے کی اپیل کردی
پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے یہ بیان جاری کیا ہے جس میں واضح طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ جب تک حکومت کی جانب سے تدریسی اداروں کے کھلنے کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جاتا اسکول بند رہیں گے۔
صوبائی وزیر تعلیم نے اپنے ٹوئٹر بیان میں مزید کہا کہ ہم کسی کو بھی اپنے بچوں، اساتذہ اور ان کے اہل خانہ کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ یکم جون کو کھلنے والے کسی بھی نجی اسکول کے ساتھ سخت کارروائی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔ ڈاکٹر مراد راس نے واضح کیا کہ پنجاب میں کوئی بھی نجی یا پبلک اسکول اس وقت تک نہیں کھُلے گا جب تک کہ حکومت پنجاب کسی نوٹیفکیشن کے ذریعے اس کی اجازت نہیں دیتی۔
مزید پڑھیں: حکومتی فیصلے کی مخالفت
گزشتہ ہفتے آل پاکستان پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا تھا کہ یکم جون سے اسکول دوبارہ کھولے جائیں کیونکہ وہ اپنے اساتذہ کو تنخواہیں دینے سے قاصر ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اے پی پی ایس اے کے صدر کاشف مرزا نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دے۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے آن لائن تعلیم کی حکمت عملی کو ناکام قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت جلد ہی اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کی اجازت نہیں دیتی تو وہ احتجاج کریں گے۔
مزید پڑھیں: وزارتِ تعلیم نے یکم جون سے اسکول کھولنے کی تجویز کی مخالفت کردی
دریں اثنا، پنجاب ٹیچرز یونین (پی ٹی یو) نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تشکیل دیئے گئے ایس او پیز کو نہ صرف عمل میں لانا مشکل ہے اور یہ تقریبا ناممکن ہے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کو پرائمری اور مڈل اسکول نہیں کھولنے چاہئیں کیونکہ ہر روز اس وبائی مرض کے متاثرین میں اضافے کی اطلاعات آ رہی ہیں جو کہ خطرے کی گھنٹی ہے۔
مزید پڑھیں: یکم جون سے اسکول دوبارہ کھولنے کا فیصلہ
پی ٹی یو کے مرکزی صدر چوہدری سرفراز نے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ بچوں کی ایک بڑی تعداد کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ایس او پیز کے مطابق یہ ناممکن ہے کہ بچوں کو ایک دوسرے سے دور رکھا جائے۔ اس لیے بہتر ہے کہ اسکول بند رکھے جائیں۔