آئی بی اے کا طالبِ علم کورونا کا شکار، انسٹیٹیوٹ کو دو روز تک بند رکھنے کا اعلان
آئی بی اے کا طالبِ علم کورونا کا شکار، انسٹیٹیوٹ کو دو روز تک بند رکھنے کا اعلان
چھ ماہ کی طویل بندش کے بعد ملک بھر میں تعلیمی ادارے دوبارہ کھولے جانے کے صرف دو دن بعد ہی کورونا کا ایک نیا کیس سامنے آنے کے بعد کراچی میں واقع انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کو دو دن کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کراچی یونیورسٹی اور گارڈن میں واقع سٹی کیمپس دونوں بند رہیں گے اور مذکورہ مدت کے دوران تمام تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی جبکہ طلباء اور اساتذہ کو دونوں کیمپس کے احاطے میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
مزید پڑھیں: بی آئی ایس ای پنجاب سیکنڈ ائیر کے رزلٹ کا اعلان 21 ستمبر کو کیا جائیگا
تاہم آئی بی اے کے ترجمان نے کہا کہ نان ٹیچنگ فیکلٹی ممبرز معمول کے مطابق اپنی ڈیوٹی جاری رکھیں گے۔
ذرائع نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ یہ کورونا کا پہلا کیس ہے جو آئی بی اے کے کراچی یونیورسٹی کیمپس کے ہاسٹل میں سامنے آیا ہے۔
متاثرہ طالب علم حال ہی میں اسلام آباد سے کراچی یونیورسٹی میں واقع آئی بی اے کے کیمپس میں داخل ہوا تھا اور دیگر طلباء کے ساتھ کلاسز بھی لے رہا تھا۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا کے 8 اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے
ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے متعدی بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دونوں کیمپس کو ڈس انفیکٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع نے انکشاف کیا کہ آئی بی اے میں حکومت کی طرف سے فراہم کردہ ایس او پیز کی پیروی نہیں کی جا رہی تھی کیونکہ کیفے ٹیریا اور کینٹین بھی کھول دی گئی تھی جہاں طلباء کی کثیر تعداد جمع ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بہت سارے طلباء اور اساتذہ کو دونوں کیمپس میں لفٹ کا استعمال کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا، یہاں تک کہ ماسک پہننے اور دیگر ایس او پیز پر کسی طرح کا کوئی عمل درآمد نظر نہیں آیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹی کیمپس کا ائیر کنڈیشنگ نظام ٹھیک سے کام نہیں کررہا تھا اور شدید گرمی کی وجہ سے بہت سارے طلباء اور اساتذہ ماسک پہنے بغیر معمول کی سرگرمیاں سر انجام دے رہے تھے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد کے اسکولوں میں طلبا کی بڑی تعداد میں حاضری
آئی بی اے کے ترجمان حارث صدیقی نے رابطہ کرنے پر آئی بی اے کی دو روزہ بندش کی تصدیق نہیں کی۔ انہوں نے دونوں کیمپس سے سامنے آنے والے معاملات کی بھی تصدیق نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی مدد سے ہم کورونا کے سیکڑوں ٹیسٹ کروانے میں کامیاب ہوگئے ہیں اور ان کے نتائج کا انتظار کیا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ طالب علم جس کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اسے ہاسٹل میں الگ تھلگ کردیا گیا ہے۔
(یہ خبر ایکسپریس ٹریبیون کی 17 ستمبر 2020 کی اشاعت سے اخذ کی گئی ہے)