خیبرپختونخوا کے 8 اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے
خیبرپختونخوا کے 8 اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے
صوبے میں اسکول دوبارہ شروع ہونے کے ایک دن بعد ہی صوبائی دارالحکومت میں ایک سرکاری اسکول کے کم از کم آٹھ اساتذہ میں کوروناوائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
خیبر پختونخوا کے ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (ای ایس ای ڈی) نے بدھ کے روز ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی کہ پشاور کنٹونمنٹ کے گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 1 کے 8 اساتذہ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
مزید پڑھیں: آئی بی اے کا طالبِ علم کورونا کا شکار، انسٹیٹیوٹ کو دو روز تک بند رکھنے کا اعلان
بیان میں کہا گیا ہے کہ جن اساتذہ کے ٹیسٹ پازیٹو آئے ہیں ان کے نمونے ایک ہفتے قبل دیگر اساتذہ کے ساتھ لیے گئے تھے۔ منگل کے روز ان کے نتائج موصول ہوئے جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ ان میں سے سات افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔ جس کے بعد متاثرہ اساتذہ کو 15 دن کی میڈیکل رخصت پر گھر بھیج دیا گیا ہے۔
دوسری جانب صوبے کے دیگر اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں سخت احتیاطی اقدامات کے ساتھ جاری ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسکول میں وائرس پھیلنے کا کوئی خطرہ نہیں ہے کیونکہ متاثرہ اساتذہ طلباء سے براہ راست رابطے میں نہیں تھے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد کے اسکولوں میں طلبا کی بڑی تعداد میں حاضری
ای ایس ای ڈی کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ متاثرہ اساتذہ کے نمونے کچھ روز کے بعد دوبارہ لیے جائیں گے تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ وہ صحت یاب ہوگئے ہیں یا نہیں۔
(یہ خبر ایکسپریس ٹریبیون کی 17 ستمبر 2020 کی اشاعت سے اخذ کی گئی ہے)