بلوچستان میں اسکول 15 دسمبر تک کھلے رہیں گے

بلوچستان میں اسکول 15 دسمبر تک کھلے رہیں گے

بلوچستان میں اسکول 15 دسمبر تک کھلے رہیں گے

چیئرمین پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن داؤد شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ ایسوسی ایشن نے اسکولوں کو ایک ماہ کے لیے بند کرنے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کردیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق دائود شاہ کاکڑ نے یہ بیان پیر کے روز ایک اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے 26 نومبر سے تمام تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد جاری کیا۔ حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ تعلیمی اداروں میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد سامنے آیا ہے۔ دائودشاہ کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان میں تمام نجی اسکول 15 دسمبر تک کھلے رہیں گے۔

مزید پڑھیں: کورونا کی دوسری لہر، اسکولز 10 جنوری تک بند رہیں گے

دائود شاہ کاکڑ نے اس امر پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت کا فیصلہ اپنے وعدوں کے منافی ہے، نجی اسکولوں کو چھ ماہ طویل بندش کی وجہ سے پہلے سے ہی مالی بحران کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اس سے قبل پیر کو ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے 26 نومبر سے 10 جنوری تک ملک کے تمام تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا اعلان کیا تھا، تمام صوبائی وزرائے تعلیم  نے باہمی فیصلہ کیا ہے کہ اسکول، کالج، یونیورسٹیز اور ٹیوشن سینٹرز سمیت تمام تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ کے پی کے نے اعلی تعلیم سے متعلق اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کردی

تاہم آن لائن کلاسز 26 نومبر سے 24 دسمبر تک جاری رہیں گی جس کے بعد موسم سرما کی تعطیلات کا آغاز ہوگا۔ شفقت محمود نے بتایا کہ 11 جنوری 2021 کو اسکول دوبارہ کھلیں گے۔ وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ بچوں کی حفاظت اور صحت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چند پروفیشنل امتحانات کے علاوہ دسمبر میں ہونے والے دیگر تمام امتحانات ملتوی کردیئے جائیں گے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©️ 2021 کیمپس گرو