اسکول جلد کھلنے کا کوئی امکان نہیں، سعید غنی
اسکول جلد کھلنے کا کوئی امکان نہیں، سعید غنی
سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے منگل کے روز ایک اجلاس میں کہا کہ یکم جون کو سندھ میں اسکول نہیں کھلیں گے اور اسکولوں کی بندش میں طویل عرصے یا مزید چھ ماہ تک کی توسیع کی جا سکتی ہے۔ سعید غنی نے اس حوالے سے ہونے والے ایک اجلاس میں کہا کہ گیارہویں اور بارہویں جماعت سے متعلق فیصلے کا اعلان آج کیا جائے گا۔ اس سے پہلے پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا نے لاہور میں ایک اجلاس میں اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسوسی ایشن ارکان کے متفقہ فیصلے کے مطابق یکم جون سے ملک بھر میں تعلیمی سیشن دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
اس سے قبل وزارت تعلیم نے فیصلہ کیا تھا کہ پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلباء کو گزشتہ تعلیمی سیشن کے نتائج کی بنیاد پر اگلی جماعتوں میں ترقی دی جائے گی۔ جبکہ وزارت تعلیم نے گذشتہ ہفتے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ 15 جولائی سے ملک بھر میں تمام اسکولز دوبارہ کھل جائیں گے۔
دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کی وجہ سے مارچ کے پہلے ہفتے سے ملک بھر میں تمام تعلیمی ادارے بند ہیں جبکہ کورونا وائرس کے باعث پاکستان میں ہلاکتوں کی تعداد 700 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ کورونا سے متاثرہ کیسز کی تعداد 32،000 سے زیادہ ہوچکی ہے