خیبر پختونخوا میں موسم گرما کی تعطیلات میں توسیع کردی گئی
خیبر پختونخوا میں موسم گرما کی تعطیلات میں توسیع کردی گئی
طلباء کو گرم موسم اور کورونا وائرس کی متوقع چوتھی لہر سے محفوظ رکھنے کے لیے خیبر پختونخوا حکومت نے 10 دن کی گرمیوں کی تعطیلات میں 20 دن کی توسیع کا اعلان کیا ہے کیونکہ اسکولوں کی انتظامیہ طلباء کو کووڈ کے باوجود اسکول آنے پر مجبور کررہی تھی۔
دوسری طرف ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ ہائر ایجوکیشن کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات میں 12 جولائی سے 31 جولائی تک توسیع کی جائے گی۔
بغیر اطلاع چھٹیاں کرنے والے اساتذہ کی تنخواہوں سے پیسے کٹیں گے
نوٹیفکیشن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بورڈ کے جاری امتحانات شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے اور طلبہ اور عملہ کو ہدایت کی کہ وہ کورونا وائرس کے ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔
اس سے قبل حکومت نے شدید گرم موسم کی وجہ سے یکم جولائی سے گیارہ جولائی تک تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔
پہلے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے بعد سرکاری اسکولوں کی بندش کے باوجود نجی اسکولوں کی انتظامیہ نے سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کی اور انتہائی گرم موسم کے باوجود اداروں کو بند کرنے سے انکار کردیا تھا۔ نجی اداروں کے عدم تعاون نے طلباء اور ان کے والدین کو شدید متاثر کیا ہے۔
ملک بھر میں انٹر پارٹ 2 کے امتحانات کا آغاز ہوگیا
نجی اسکولوں کی انتظامیہ کا خیال ہے کہ حکومت نے انہیں یہ انتخاب دیا ہے کہ وہ گرمیوں کی تعطیلات کے لیے کلاسیں جاری رکھیں یا تعلیمی سرگرمیاں بند کردیں۔ تاہم سرکاری نوٹیفکیشن میں اس طرح کا کوئی آپشن نہیں بتایا گیا ہے۔ اس کے برعکس اس نوٹیفکیشن میں تمام سرکاری و نجی اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کو واضح طور پر اس مدت کے دوران بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
طلبہ کے والدین کا کہنا ہے کہ جن نجی اسکولوں کی انتظامیہ نے ادارے بند کرنے سے انکار کیا تھا ان میں شدید گرمی سے نمٹنے کے مناسب انتظامات نہیں ہیں یہاں تک کہ زیادہ تر اسکولوں میں پنکھے تک دستیاب نہیں ہیں کیونکہ ان دنوں درجہ حرارت ناقابل برداشت تھا اور طلباء کو ہیٹ اسٹروک کا سامنا کرنا پڑا تھا۔