ایف بی آئی ایس ای نے میٹرک اور انٹر کے سالانہ امتحانات دو مرتبہ لینے کا فیصلہ کرلیا
ایف بی آئی ایس ای نے میٹرک اور انٹر کے سالانہ امتحانات دو مرتبہ لینے کا فیصلہ کرلیا
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکیڈری ایجوکیشن اسلام آباد نے آئندہ تعلیمی سال میں میٹرک اور ایف اے، ایف ایس سی کے سالانہ امتحانات دو مرتبہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔ امتحانات مئی اور ستمبر میں منعقد کئے جائیں گے، امتحانات میں مضامین کے کمبینیشن بھی تبدیل کردیے گئے ہیں۔
مزید پڑھی: کے یو: بی اے کے ایکسٹرنل ایگزام برائے 2020 کے فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ میں توسیع
آٹھویں جما عت کے امتحانات قابلیت کی بنیاد پر لئے جائیں گے جس کے لئے امتحانی پیپرکی تیاری کی جا رہی ہے، اسی طرح میٹرک اور بارہویں کے امتحانی پرچہ جات کا پیٹرن بھی یہی ہو گا جس سے طلبا کی ذہانت کی جانچ پڑتال ہو سکے گی اور رٹا سسٹم کا خاتمہ ہو گا، بو رڈ آف گورنرز (بی او جی) نے گزشتہ روز منعقدہ اجلاس میں منظوری دے دی ہے۔
دستیاب دستاویز کے مطابق کورونا وبا کے دوران طلبا کا سال ضائع ہونے سے بچانے اور بہتر نمبروں سے امتحان میں کامیابی کا موقع فراہم کرنے کے لئے سالانہ امتحانات دو بار لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، رواں برس مئی اور ستمبر میں وفاقی تعلیمی بورڈ کی جانب سے میٹرک و ایف اے کے بورڈ امتحانات لئے جائیں گے جس سے ایک جانب طلبا کو فیل ہونے کی صورت میں دوبارہ اسی برس پاس ہونے کی سہولت مہیا ہو گی تو دوسری جانب بہتر نمبر بھی حاصل کر سکیں گے۔
اسکے علاوہ طلبا کو مضامین کے کمبینیشن کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے مثلا بائیولوجی کیساتھ ریاضی یا اکنامکس، انوائر منٹ اسٹڈیز اور کیمسٹری ، نئے پرو گرامز کے تحت میکا ٹرو نکس ، بائیو انفار میٹکس بھی شامل ہوں گے۔
مزید پڑھیں: سندھ کے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ اور پرنسپلز کا سعید غنی کی برطرفی کا مطالبہ
نئی پالیسی کے تحت امتحانی نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لانا ہے، بیس لائن کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ اسکورز پر مشتمل ہو گی، وفاقی بورڈ دسویں اور بارہویں جماعت کے طلبا کو امتحان پاس کرنے پر سرٹیفکیٹ جاری کرے گا ، امتحانی پرچہ جات کا پیٹرن طلبا پر بوجھ بھی کم کرنے کا باعث بنے گا، اور امتحانی نظام کا معیار بھی بلند ہو گا۔