اسلام آباد کے 80 ایف ڈی ای اسکولوں میں اسمارٹ کلاس رومز کا آغاز

اسلام آباد کے 80 ایف ڈی ای اسکولوں میں اسمارٹ کلاس رومز کا آغاز

اسلام آباد کے 80 ایف ڈی ای اسکولوں میں اسمارٹ کلاس رومز کا آغاز

فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹوری میں واقع تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، جن میں تعلیمی اداروں کا پچھلے چار سال کا آڈٹ کرنا، مرحوم ملازمین کے اہل خانہ میں 120 ملین روپے کے چیکس کی تقسیم، ای لرننگ پروگرام کا آغاز اور 80 اسکولوں میں اسمارٹ کلاس رومز پراجیکٹ پر عمل درآمد شامل ہے۔

ایف ڈی ای کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اکرام علی ملک نے پیر کے روز کہا کہ پچھلے چار سال کے دوران وصول کی جانے والی فیسوں کا آڈٹ کیا جائے گا جس میں ہاسٹل کی فیس اور گریجویشن فنڈز بھی شامل ہیں۔

مزیدد پڑھیئے: امتحانات منسوخ نہیں ہوں گے، شفقت محمود کی وضاحت

انہوں نے بتایا کہ ملازمین کی تنخواہوں، شام کی شفٹوں اور گاڑیوں پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات کی بھی تحقیقات کی جارہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ماڈل کالجوں کے اخراجات میں مبینہ غبن کی بھی چھان بین کی جائے گی۔

ایف ڈی ای کے ڈی جی کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں سے واؤچر، کیش بک، گاڑیوں کی لاگ بُک، اسٹاک رجسٹر کی تفصیلات اور یومیہ اجرت پر خدمات حاصل کرنے کے لیے متعلقہ حکام کی منظوری کی دستاویز کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیئے: سندھ میں فزکس کا امتحانی پیپر لیک

انہوں نے مزید کہا کہ ایف ڈی ای اسلام آباد کے ٹیچنگ اینڈ نان ٹیچنگ اسٹاف اور سرکاری تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات کررہا ہے، پچھلے چھ ماہ کے دوران تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی ریکارڈ تعداد کی ترقی کے معاملات کے بارے میں بھی حقائق کا کھوج لگانے میں سرگرم ہے۔

ڈاکٹر اکرام علی ملک نے کہا کہ 500 سائنس اساتذہ رواں سال کے دوران فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے توسط سے ایف ڈی ای اداروں میں شامل ہوں گے جبکہ ورلڈ بینک کے ایک منصوبے کے تحت ملک کی دس مشہور یونیورسٹیوں کے فارغ التحصیل طلبا کو 200 سے زائد فیلوشپس دی جائیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پنشن کے تمام معاملات حل ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم ملازمین کے لواحقین کے 30 افراد میں 120 ملین روپے کے چیک تقسیم کیے گئے ہیں، جو مختلف تعلیمی اداروں میں ملازمت کے دوران وفات پا گئے تھے۔

مزید پڑھیئے: پنجاب کے 13 ملین اساتذہ کا ڈیٹا آن لائن پورٹل پر اپ لوڈ

انہوں نے کہا کہ فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے مرحوم ملازمین کے لواحقین کے واجبات 2013 سے زیر التوا ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ واجبات کی ادائیگی کے لیے 380 ملین روپے کی ضمنی گرانٹ لی گئی ہے۔

ڈاکٹر اکرام ملک نے مزید کہا کہ ایف ڈی ای ایک نجی تنظیم کے ساتھ مل کر اسلام آباد کے 80 اسکولوں میں اسمارٹ کلاس روم پراجیکٹ کو نافذ کرے گی تاکہ مضبوط ہولوسٹک ڈیجیٹل ٹیچنگ، سیکھنے اور تشخیص کے مواقع فراہم ہوں۔

اس پراجیکٹ کے ایک حصے کے طور پر تنظیم تین سال کی مدت میں 80 کلاس رومز کو مطلوبہ بلینڈڈ لرننگ انفراسٹرکچر مہیا کرے گی، کلاس رومز میں انٹرنیٹ کے بغیر کام کرنے والا ایک آف لائن لرننگ مینیجمنٹ سسٹم، مصنوعی ذہانت پر مبنی کلاؤڈ بیسڈ لرننگ مینیجمنٹ سسٹم کے ساتھ ہم آہنگ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آف لائن پلیٹ فارم، چھٹی سے آٹھویں جماعت کے ریاضی، سائنس اور انگریزی کے ڈیجیٹل مواد، جس میں اینیمیٹڈ ویڈیوز، گیمز، سرگرمیاں اور ڈیجیٹل تشخیص شامل ہیں پر مبنی ہوگا۔

(یہ خبر ایکسپریس ٹریبیون کی 6 جولائی 2021 کی اشاعت سے اخذ کی گئی ہے) 

 

 

 

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©️ 2021 کیمپس گرو