امتحانات منسوخ نہیں ہوں گے، شفقت محمود کی وضاحت
امتحانات منسوخ نہیں ہوں گے، شفقت محمود کی وضاحت
وفاقی وزیر نے اس موقف کی تائید کی کہ آن لائن تعلیم میں معیار کی کمی ہے۔ یہ عمل طلباء کی فزیکل کلاسز کی تلافی نہیں کرسکتا۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ہفتے کے روز اعلان کیا تھا کہ امتحانات وقت پر ہونگے، انہوں نے ان افواہوں کی بھی تردید کی کہ ان کی وزارت امتحانات منسوخ کر رہی ہے۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے ملک بھر میں امتحانات شروع کرنے کے فیصلے پر قائم رہنے کی حکومتی پالیسی کی تصدیق کی۔
وفاقی وزیر کا یہ بیان طلباء کی جانب سے امتحانات منسوخ کرنے کے مطالبے کے رد عمل کے طور پر سامنے آیا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے دفتر کے باہر میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کے خلاف احتجاج کے دوران پولیس نے متعدد طلباء کو حراست میں لیا تھا۔ احتجاج کے دوران طلباء نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور امتحانات منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کے مطابق انہیں کورسز آن لائن پڑھائے گئے تھے جس کے باعث وہ امتحانات کی تیاری کے قابل نہیں ہوسکے۔
انہوں نے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود پر زور دیا کہ وہ یا تو ان کے مطالبات کو منظور کریں یا اپنا استعفیٰ دیں۔
ہفتے کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ان افواہوں پر کان نہ دھریں کہ حکومت امتحانات منسوخ کردے گی۔
شفقت محمود نے کہا کہ تعلیم کے شعبے کو کوڈ کے وبائی مرض کی وجہ سے پہلے ہی بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وبائی بیماری کے باعث ہونے والی کوتاہیوں کا ازالہ کرنا ہوگا۔