وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود آج کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیں گے
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود آج کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیں گے
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اسکولوں کے دوبارہ کھلنے سے قبل ملک کی موجودہ کورونا وائرس صورتحال کا تجزیہ کرنے کے لیے صوبائی وزرائے صحت و تعلیم کے ساتھے آج کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
شعبہ صحت کے حکام، صوبائی وزرا کو کورونا وائرس کے کیسز کی موجودہ تعداد اور اسے سے بچائو کے لیے کئے جانے ولاے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دیں گے اور تعلیمی اداروں میں سیکھنے کے عمل کی بحالی کے بارے میں اپنی تجاویز پیش کریں گے۔
مزید پڑھیں: کوہستان میں معطل خاتون ٹیچر کے اکائونٹ سے دس لاکھ روپے سے زائد کی رقم ضبط
ایک ٹویٹ میں شفقت محمود نے کہا کہ میں ذاتی طور پر چاہتا ہوں کہ ملک میں تعلیم کا سلسلہ جاری رہے، لیکن اس بارے میں حتمی فیصلہ صحت کی بنیاد پر ہوگا کیونکہ طلبا کی فلاح و بہبود ہمیشہ ہماری اولین ترجیح رہے گی۔
اس سے قبل 4جنوری کو شفقت محمود نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ حکومت بچوں کی صحت کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، جبکہ ملک میں موجودہ کوروناوائرس صورتحال کی جانچ کے لیے ایک اور اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
اس سے پہلے کورونا وائرس کے پھیلائو سے بچنے کے لیے 18 جنوری سے تعلیمی اداروں کو مرحلہ وار کھولنے کی تجویز دی گئی تھی، ملک بھر میں اسکولز اور دیگر تعلیمی ادارے 26 نومبر کو بند کردیے گئے تھے، اس کا اعلان وفاقی حکومت کی جانب سے کیا گیا تھا۔
وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کا بیان اس وقت سامنے آیا جب پاکستان کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران مسلسل بڑھتے ہوئے کیسز کا مقابلہ کر رہا ہے، جمعرات کے روز ملک میں تقریباً ایک ماہ کے دوران کورونا وائرس کے کیسز میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: طلبا کا وزیرتعلیم شفقت محمود سے اسکول بند رکھنے پر اصرار
دوسری جانب حکومت پنجاب نے والدین کو آگاہ کیا ہے کہ وہ اسکولوں میں کورونا ایس او پیز اور گائیڈ لائنز کے مکمل نفاذ کو یقینی بنائے گی۔ صوبائی وزیرتعلیم مراد راس نے لاہور یونیورسٹی کے دورے کے دوران کہا کہ اگر ضرورت ہوئی تو صوبے کے تعلیمی ادارے فوری طور پر بند کردیئے جائیں گے۔