وزیراعظم عمران خان کا مستقبل قریب میں مزید 60 لاکھ اسکالرشپس دینے کا وعدہ
وزیراعظم عمران خان کا مستقبل قریب میں مزید 60 لاکھ اسکالرشپس دینے کا وعدہ
وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ حکومت مستقبل قریب میں کم آمدنی والے طلباء کو 60 لاکھ اسکالرشپس دے گی۔
انہوں نے یہ بات اتوار کے روز پروگرام آپ کا وزیر اعظم آپ کے ساتھ، کے پانچویں سیشن کے دوران ایک لائیو کالر کی بات کا جواب دیتے ہوئے کہی، یہ بتاتے ہوئے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے میرٹ کی بنیاد پر 60 لاکھ تعلیمی وظائف اور نچلے سماجی اقتصادی پس منظر کے طلباء کے لیے اسکول کے وظیفے کے لیے 47 ارب روپے مختص کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے تعلیم کو نظر انداز کیا، اشرافیہ، متوسط اور نچلے طبقے کے لیے مختلف تعلیمی نظام بنائے لیکن پی ٹی آئی کی حکومت نے اس تقسیم کو ختم کرنے کے لیے سب کے لیے ایک مشترکہ نصاب قائم کیا ہے۔
نئی اسکالرشپس کا تعارف حکومت کی جانب سے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے 50,000 احساس انڈر گریجویٹ اسکالرشپس پروگرام کے آغاز کے پانچ ماہ بعد ہوا ہے۔ حکومت کے مطابق ہر سال، کم آمدنی والے گھرانوں کے 50,000 طلباء پاکستان کے سب سے بڑے ضرورت پر مبنی/میرٹ پر مبنی انڈرگریجویٹ تعلیمی پروگرام کے تحت چار سے پانچ سالہ بیچلرز ڈگری کورسز کے لیے وظائف حاصل کرتے ہیں۔
یہ اسکالر شپس ملک کے تمام صوبوں کے ساتھ ساتھ آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں دستیاب ہیں اور اس میں ٹیوشن فیس کا 100 خرچ اور اسٹوڈنٹس کے لیے ماہانہ وظیفہ شامل ہے۔