امریکا میں یونیورسٹیز دوبارہ کھلنے کے بعد کورونا کیسز 55 فیصد تک بڑھ گئے

امریکا میں یونیورسٹیز دوبارہ کھلنے کے بعد کورونا کیسز 55 فیصد تک بڑھ گئے

امریکا میں یونیورسٹیز دوبارہ کھلنے کے بعد کورونا کیسز 55 فیصد تک بڑھ گئے

امریکی صحت کی ایک ایجنسی نے بتایا ہے کہ حالیہ ہفتوں میں امریکہ میں کم عمر بالغوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں مستقل اضافہ ہورہا ہے۔ امریکی صحت کی ایجنسی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) نے اس عمر کے افراد کے گروپ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت کی تجویز پیش کی۔

سی ڈی سی کا کہنا ہے کہ وہ یونیورسٹیز جو ان پرسن لرننگ کے لیے دوبارہ کھلنا چاہتی ہیں انہیں اپنے نوجوان طلبا میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ماسک پہننے اور معاشرتی دوری جیسے اہم اقدامات پر مکمل عملدرآمد کرنے کی ضرورت ہے۔

بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مراکز (سی ڈی سی) کے محققین نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ دو اگست سے لے کر پانچ ستمبر کے درمیانی عرصے میں 18 سے 22 سال کی عمر کے افراد میں کورونا وائرس کے کیسز میں 55 اعشاریہ ایک فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: ایچ ای سی کی فُل ٹائم پی ایچ ڈی اسٹوڈنٹس کو بیرون ملک چھ ماہ کی ریسرچ فیلوشپ کی پیشکش

 رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نارتھ ایسٹ ریجن میں کورونا وائرس کے کیسز میں 144 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ مڈ ویسٹ میں کورونا کیسز میں 123 اعشاریہ 4 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سی ڈی سی کے محققین نے بتایا کہ کورونا کیسز میں اضافہ ان یونیورسٹیز میں زیادہ ہوا ہے جہاں ذاتی طور پر طلبا کی حاضری کو دوبارہ شروع کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پچھلی رپورٹس میں نوجوان بالغ افراد کی نشاندہی کی گئی تھی کیونکہ ان افراد کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کے اقدامات پر عمل کرنے کا امکان کم ہے۔

منگل کے روز سی ڈی سی کی موربیڈیٹی اینڈ مورٹیلیٹی کی ہفتہ وار رپورٹ (ایم ایم ڈبلیو آر) میں شائع ہونے والے ایک الگ مطالعہ میں محققین نے بتایا کہ شمالی کیرولینا کی ایک یونیورسٹی کی جانب سے طلباء کے لیے کیمپس کھولنے کے دو ہفتوں بعد کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 3 اگست سے 25 اگست کے درمیانی عرصے میں یونیورسٹی کی جانب سے 670 لیبارٹری سے تصدیق شدہ کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔

مزید پڑھیں: شفقت محمود کا ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے مختلف اسکولز کا دورہ

سی ڈی سی کی ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ طلبا کے اجتماعات اور بڑے پیمانے پر میل جول نے کورونا وائرس کو پھیلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

اگست کی 19 تاریخ سے کلاسز آن لائن منتقل ہوگئیں اور اسکول نے کیمپس میں رہائش کو کم کرنا شروع کیا، تاہم ابھی تک یونیورسٹی کی جانب سے کسی مریض کے اسپتال میں داخل ہونے یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ سی ڈی سی کی دونوں اسٹڈیز کے مصنفین نوجوان بالغوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ٹرانسمیشن کو کم کرنے کے لیے بہتر اقدامات کی ضرورت کا مشورہ دیتے ہیں۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©️ 2021 کیمپس گرو