سندھ میں طلباء کی اسکولوں میں واپسی، حاضری 50 فیصد رہی
سندھ میں طلباء کی اسکولوں میں واپسی، حاضری 50 فیصد رہی
کیمپس کی کلاسز میں پہلے دن پرائمری جماعتوں کے لیے طلبا کی حاضری کا تناسب 50 فیصد رہا۔
پیر کے روز سندھ کے تمام اسکولوں اور تعلیمی اداروں نے کیمپس کی سرگرمیوں پر دوبارہ کام شروع کیا تاہم نرسری سے لے کر کلاس ہشتم تک کے طلباء کی اسکولوں میں حاضری پہلے دن 50 فیصد رہی۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا وائرس کے لازمی ایس او پیز کے ساتھ اسکولوں نے فزیکل کلاسز کا آغاز کردیا ہے۔ طلباء کے اسکول واپس آنے پر ایس او پیز اور گائیڈ لائنز کے ساتھ اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا۔
مزید پڑھیں: میٹرک کے سالانہ امتحانات کی تاریخ کا اعلان
متعدد اسکولوں میں طلبا کو جسمانی درجہ حرارت کی جانچ پڑتال کے بعد کیمپس میں داخلے کی اجازت دی گئی تھی اور جراثیم کش ادویات کا چھڑکائو کیا گیا۔ فیس ماسک اور ہینڈ سینیٹائزر کے استعمال کو بھی یقینی بنایا گیا جبکہ سماجی دوری کے اقدامات کو سختی سے نافذ کیا گیا۔
اساتذہ اور عملے کے دیگر ارکان بھی کورونا وائرس کے ایس او پیز کے نفاذ کے سلسلے میں چوکس نظر آئے۔
پرائمری سے آٹھویں جماعت کے لیے گذشتہ سال کے آخر میں کورونا کی دوسری لہر کے ساتھ معطل ہونے والی تعلیمی سرگرمیاں پیر کے روز سے دوبارہ شروع ہوگئیں۔ اس سے پہلے 18 جنوری 2021 کو اعلیٰ گریڈز کے لیے فزیکل کلاسز دوبارہ شروع ہوچکی ہیں۔
جن طلبا نے کلاسز دوبارہ شروع ہونے کے ساتھ اسکولوں میں حاضری لگائی وہ کیمپس میں واپس آنے پر بے حد پُرجوش تھے اور ان کا کہنا تھا کہ آن لائن کے مقابلے میں اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنا ان کے لیے بہتر ہے۔ بیشتر طلباء کا کہنا تھا کہ گھر پر رہ کر تعلیم حاصل کرنا خاصا بورنگ تھا اور انہیں اپنے اساتذہ اور کلاس فیلوز کی کمی محسوس ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جسمانی کلاسیں دوبارہ شروع ہوگئی ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ اب امتحانات کی تیاری کے قابل ہوجائیں گے۔
مزید پڑھیں: جو یونیورسٹیز 1 فروری سے نہیں کھل رہیں انہیں اپنے فیصلے پر نظرِ ثانی کر نی چاہیے، شفقت محمود
دوسری جانب اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسکولوں کی بندش کی وجہ سے طلبا کو اپنی پڑھائی میں بہت بڑا نقصان اٹھانا پڑا ہے لیکن حکومت کے اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کے فیصلے سے تعلیم پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
چیئرپرسن سندھ آل پرائیویٹ اسکولز مینیجمنٹ ایسوسی ایشن نے کہا کہ اداروں کو دوبارہ شروع کرنے اور موثر انداز میں سیکھنے کے لیے کیمپس میں طلبا کی جسمانی موجودگی ایک اچھا فیصلہ ہے۔