سری لنکن طلباء کی پاکستان میں اسکالر شپ پر اعلیٰ تعلیم کی راہ ہموار
سری لنکن طلباء کی پاکستان میں اسکالر شپ پر اعلیٰ تعلیم کی راہ ہموار
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہائرایجوکیشن کوآپریشن کے لیے سری لنکا کے 700 سے زائد طلباء اسکالرشپ پروگرام کے تحریری امتحان میں شرکت کریں گے جو انہیں اسکالرشپ پر انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ لیول پر پاکستان کی یونیورسٹیوں میں پڑھنے کی اجازت دے گی۔
ان اسکالرشپس کو متعارف کرانے کا بنیادی مقصد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنا اور دونوں ممالک کے لوگوں کو تعلیم کے ذریعے ایک دوسرے کے قریب لانا ہے۔
مزید پڑھئے: یکساں نصاب تعلیم نافذ نہ کرنے والے اسکولوں کے خلاف کارروائی ہوگی، شفقت محمود
پاکستان کا ہائر ایجوکیشن کمیشن، پاکستان ہائی کمیشن کولمبو اور یونیورسٹی گرانٹس کمیشن سری لنکا کے اشتراک سے تین شہروں کولمبو، کینڈی اور بٹیکلیوا میں ٹیسٹ منعقد کرے گا۔ کامیاب امیدوار اپنا بی ایس، ایم ایس یا پی ایچ ڈی کا ڈگری پروگرام پاکستان کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں پڑھیں گے۔ یہ اسکالر شپس میڈیکل، انجینئرنگ، بزنس اسٹڈیز، نیچرل سائنسز، سوشل سائنسز وغیرہ سمیت تمام اہم شعبوں میں پیش کی جاتی ہیں۔
مزید پرھئے: طلباء کو شہری اور سماجی ذمہ داری سے آگاہ کرنے کے لیے سیمینار
سری لنکا کی نیشنلٹی رکھنے والے طلباء انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ تعلیم حاصل کرنے کے لیے کم از کم قابلیت کے ساتھ داخلہ ٹیسٹ دے سکتے ہیں۔ بی ایس پروگراموں میں داخلے کے لیے ہائی اسکول کا ڈپلومہ یا اس کے مساوی دستاویز کا ہونا لازمی ہے۔ جہاں تک ایم ایس پروگراموں کا تعلق ہے، چار سال کی انڈر گریجویٹ ڈگری یا بیچلرز اور ماسٹرز ڈگری (تعلیم کے 16 سال) والے طلباء درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ اسی طرح پی ایچ ڈی کی تعلیم کے لیے ٹیسٹ میں شرکت کے لیے ماسٹرز یا ایم فل ڈگری (تعلیم کے 18 سال) ہونا ضروری ہے۔