سندھ کے کالجز 4 سالہ بی ایس پروگرام کے لیے نااہل قرار

سندھ کے کالجز 4 سالہ بی ایس پروگرام کے لیے نااہل قرار

سندھ کے کالجز 4 سالہ بی ایس پروگرام کے لیے نااہل قرار

سندھ حکومت کے کالج آف ایجوکیشن اور ڈیپارٹمنٹ آف یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نے سندھ کے 60 سرکاری کالجوں میں 4 سالہ بی ایس ڈگری پروگرام شروع کرنے کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے۔ جس کے لیے مذکورہ بالا محکموں نے صوبائی دارالحکومت کے 15 کالجوں کو بھی شارٹ لسٹ کیا ہے اور انہیں جامعہ کراچی اور لیاری یونیورسٹی سے الحاق کی سفارش کی ہے۔ تاہم کسی نوعیت کی پیشرفت سے متعلق ذرائع کا دعویٰ ہے کہ یہ فیصلہ ایڈہاک بنیادوں پر لیا گیا ہے کیونکہ مذکورہ کالجوں کے زمینی حقائق بہت مختلف ہیں۔

مزید پڑھیئے: پنجاب کے تمام ایجوکیشن بورڈز 48 گھنٹوں میں نتائج کا اعلان کریں گے

دوسری جانب سندھ کی چار جامعات جن میں جامعہ کراچی، جامشورو میں واقع سندھ یونیورسٹی، شاہ عبداللطیف یونیورسٹی اور شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری سے کہا گیا ہے کہ وہ سندھ کے تمام 60 سرکاری کالجوں کو فوری طور پر عارضی الحاق جاری کریں ، تاکہ یہ کالج تعلیمی سال 2021-22 کے لیے طلباء کو داخلہ دے سکیں۔

اس حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے انکشاف کیا کہ یونیورسٹی کو ابھی تک کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے کوئی خط موصول نہیں ہوا ہے اور نہ ہی کالجوں کی کوئی فہرست یونیورسٹی کو بھیجی گئی ہے۔

مزید پڑھیئے: سندھ کا وفاق پر یونیورسٹی فنڈز روکنے کا الزام

اسی طرح لیاری یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اختر بلوچ نے کہا کہ بی ایس پروگرام کے لیے مختص 15 کالجوں میں سے صرف دو کالجوں کو لیاری یونیورسٹی سے الحاق کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ان میں گورنمنٹ بوائز کالج جنگل شاہ اور گورنمنٹ ڈگری کالج فار گرلز شامل ہیں۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ جنگل شاہ کالج میں کل چار یا پانچ فیکلٹی ممبر ہیں ، جس کا مطلب ہے کہ ہر مضمون کے لیے کوئی الگ سے استاد نہیں ہے۔ اس کالج میں کوئی لائبریری نہیں ہے جبکہ لیبارٹری اور دیگر سہولیات بھی غائب ہیں۔ دوسرا گرلز کالج ہے جس میں سہولیات تو درکنار ٹوائلٹ بھی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ کالجوں کو جانچ پڑتال کے عمل سے گزرنا پڑتا ہے جس کے بعد انہیں سرکاری شعبے کی یونیورسٹی سے الحاق دیا جا سکتا ہے۔ کالجوں کو لازمی طور پر یونیورسٹی کے قواعد و ضوابط کی پاسداری کرنی چاہیے تاکہ اس سے الحاق حاصل کیا جا سکے۔ ان سب باتوں سے ہٹ کر اس حوالے سے کیے گئے ایک سروے سے پتہ چلتا ہے الحاق کے لیے تجویز کردہ 60 سرکاری کالجوں میں سے کسی میں بھی چار سالہ بی ایس پروگرام شروع کرنے کی کوئی تیاری نہیں ہے جبکہ کراچی میں ریجنل ڈائریکٹوریٹ آف کالج ایجوکیشن نے کراچی یونیورسٹی اور لیاری کو یونیورسٹی سے فوری وابستگی کی درخواست پر مشتمل صرف ایک خط جاری کیا ہے۔

ان مشکلات کے باوجود جن میں فیکلٹی کی کمی، بنیادی ڈھانچے کی تباہی اور ایچ ای سی کے قوانین کی عدم تعمیل شامل ہے، خط میں متعلقہ کالجوں کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عدالتی حکم کا حوالہ دیتے ہوئے بی ایس پروگرام شروع کرنے کے لیے تیار رہیں۔

 

مزید پڑھیئے: سندھ ہائی کورٹ کا فاطمہ جناح کے گھر کو میڈیکل کالج میں تبدیل کرنے کا حکم

 

سرکاری ذرائع کے مطابق جن کالجوں کا پہلے سے ہی دو سالہ پروگرام سے الحاق ہے انہیں چار سالہ پروگرام کے لیے فوری طور پر الحاق جاری کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ ان ہدایات کی یونیورسٹیوں اور بورڈز کے ڈیپارٹمنٹ نے توثیق کی ہے تاکہ وہ اپنی تعمیل کی رپورٹ عدالت میں بھی پیش کر سکیں اور اپنا کاغذی کام مکمل کر سکیں۔

تاہم ، محکمہ نے خود ان کالجوں کی فہرست کے بارے میں بھی پوچھ گچھ نہیں کی جو الحاق کے لیے تجویز کیے گئے ہیں اور نہ ہی اس نے بی ایس پروگرام کو چلانے کے لیے تعلیمی ماہرین اور بنیادی ڈھانچے کی دستیابی اور معیار کے بارے میں پوچھ گچھ کی زحمت کی ہے۔

 

( یہ خبر ایکسپریس ٹریبیون کی 22 اکتوبر 2021 کی اشاعت سے اخذ کی گئی ہے)

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©️ 2021 کیمپس گرو