سندھ یونیورسٹی کووِڈ 19 پر تحقیق کے لیے ریسرچ لیب قائم کرے گی
سندھ یونیورسٹی کووِڈ 19 پر تحقیق کے لیے ریسرچ لیب قائم کرے گی
سندھ یونیورسٹی، جامشورو نے حکومت اور دیگر امدادی تنظیموں کی رضامندی کے ساتھ عالمی سطح پر صحت کی دیکھ بھال کرنے والی تنظیموں کے مشورے سے کووِڈ 19 ٹیسٹ لیبارٹری قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
اس بات کا اعلان وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے ایم اے قاضی انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری کے سائنس دانوں کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
شعبہ مائیکرو بائیولوجی کی چیئرپرسن، بائیو کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ، بائیو ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ، فزیالوجی ڈیپارٹمنٹ، شعبہ نفسیات، فیکلٹی آف فارمیسی اور دیگر انسٹی ٹیوٹ بھی ویڈیو لنک کے ذریعے ورچوئل میٹنگ میں شامل ہوئے۔
اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ اگرچہ اب تک پیتھالوجی اور میڈیکل لیبارٹری کی پیشہ ورانہ برادری نے بہت سے اقدامات کئے ہیں تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ ہم سب مل کر کام کریں، ایک دوسرے کے ساتھ علم کا اشتراک کریں اور اپنے طبی نگہداشت کے ساتھیوں کے ساتھ مستقل رابطے میں رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیبارٹری کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے درکار ضروری معلومات فراہم کرنے میں مدد کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں دانشمندی کے مینارہ کی حیثیت سے کام کرتی ہیں۔ توقع ہے کہ نئی تحقیق سے معاشرے کو فائدہ ہوگا اور ہمارے مشترکہ اقدامات انسانیت کے لیے نیا علم پیدا کریں گے ان کا کہناتھا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے تشخیصی مرکز قائم کرنے کے فیصلے سے اس سلسلے میں نئی ترقی ہوگی۔ وائس چانسلر نے یہ بھی کہا کہ سندھ یونیورسٹی اپنے اپنے شعبوں میں قومی اور عالمی سطح پر مہارت اور پہچان رکھنے والے نامور سائنسدانوں کے لیے فخر کا باعث ہے۔