سندھ نے میٹرک اور بارہویں کے امتحانات کا طریقہ کار جاری کردیا
سندھ نے میٹرک اور بارہویں کے امتحانات کا طریقہ کار جاری کردیا
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے جمعرات کو کہا کہ 10 اور 12 ویں جماعتوں کے امتحانات بالترتیب 5 اور 26 جولائی سے سندھ میں شروع ہوں گی۔
صوبائی وزیر تعلیم کے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق کلاس 11 کے امتحانات کلاس 12 کے بعد ہوں گے۔
صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ امتحانات صرف انتخابی مضامین پر مشتمل 60 فیصد کم نصاب سے لیے جائیں گے۔
مزید پڑھیئے: درخت لگانے والے اسٹوڈنٹس کو اضافی 20 نمبر دیئے جائیں گے، زرتاج گل
سعید غنی نے کہا کہ پرچہ دینے کی مدت دو گھنٹے ہوگی اور امتحانی پرچے کا پچاس فیصد معروضی نوعیت کے سوالات پر مشتمل ہوگا۔ جبکہ پرچہ تیس فیصد مختصر سوالات اور بیس فیصد طویل سوالات پر مبنی ہوگا۔ مزید یہ کہ اس سال عملی امتحانات نہیں ہوں گے۔
رواں ماہ کے آغاز میں وفاقی حکومت نے تمام صوبوں کے ساتھ مشاورت کرکے سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری کلاسوں کے طلباء کے لیے صرف اختیاری مضامین کے امتحانات لینے کا اعلان کیا تھا، جس کا سلسلہ ملک بھر میں 10 جولائی کے بعد شروع ہوگا۔
مزید پڑھیئے: شدید گرمی اور بجلی بند ہونے کے باعث درجنوں طلبا بے ہوش
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ہائر ایجوکیشن کمیشن میں بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کی صدارت کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ طلباء کی سہولت کے لیے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کی سطح کے نصاب میں کمی کردی گئی ہے۔
گذشتہ سال کورونا وائرس کی وجہ سے طلباء کو بنا امتحانات کے آگے بڑھانے کے بعد حکومت اس سال امتحانات کے انعقاد کے لیے پر عزم ہے۔
رواں سال امتحانات کا انعقاد تازہ ترین کیسز کی گھٹتی ہوئی تعداد کے باعث ہورہا ہے، کیونکہ ملک نے کووڈ کی تیسری لہر کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔
صوبوں میں تعلیمی بورڈز نویں سے بارہویں جماعت کے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات منعقد کراتے ہیں۔ نصاب کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ لازمی مضامین جیسے اردو اور انگریزی زبان کے علاوہ اسلامیات اور پاکستان اسٹڈیز وغیرہ اور آرٹ یا سائنس سے متعلق اختیاری مضامین وغیرہ۔