غیر معینہ بندش کے خلاف اسکولوں کی آئوٹ ڈور کلاسوں کی منصوبہ بندی
غیر معینہ بندش کے خلاف اسکولوں کی آئوٹ ڈور کلاسوں کی منصوبہ بندی
پرائیویٹ سکولوں کی ایک نمائندہ تنظیم نے تعلیمی سرگرمیوں کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے 'تعلیم بچائو مہم' کا اعلان کیا ہے جبکہ دوسری جانب محکمہ تعلیم سندھ نے صوبائی حکومت کے فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعلیمی ادارے کھولنے والے نجی اسکولوں کی انتظامیہ اور ان کے مالکان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ایسے سکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی۔
سڑکوں پر کلاسوں کا انعقاد:
اتوار کے روز ایک بیان میں پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے اپنے کیمپس کھولنے کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں آٗوٹ ڈور کلاسیں منعقد کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ سکول انتظامیہ آج سے آؤٹ ڈور اسکولنگ متعارف کروا کر 'تعلیم بچاؤ تحریک' شروع کرے گی۔
مزید پڑھئے: اگلے ہفتے سے اسکول کھل جائیں گے
آل پرائیویٹ اسکولز مینیجمنٹ ایسوسی ایشن کے رہنما طارق شاہ نے کہا کہ ہم پیر (آج) سے بیرونی کلاسیں شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کے ڈی اے چورنگی نارتھ ناظم آباد میں حیدری مارکیٹ کے قریب پیر کو صبح 9.30 بجے احتجاج بھی کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے نافذ کردہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے پرائیویٹ اسکولز تعلیمی نظام کو بیرونی اسکولنگ میں منتقل کرنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ سندھ کے علاوہ پورے ملک میں تعلیمی نظام چل رہا ہے، صرف سندھ کے بچے تعلیم سے کیوں محروم ہیں؟ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کو آئندہ احکامات تک بند کرنے کا فیصلہ شکوک و شبہات کو جنم دے رہا ہے۔
مزید پڑھئے: اساتذہ نے حکومت کے ریشنلائزیشن کے فیصلے کی مخالفت کردی
وارننگ لیٹر:
اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز ڈی جی ڈاکٹر منصب حسین صدیقی نے اتوار کے روز نوٹیفکیشن جاری کیا۔
انہوں نے کہا کہ آپ کو ہدایت دی جاتی ہے کہ تمام تدریسی اور غیر تدریسی ، انتظامی عملے کی ویکسینیشن مکمل کی جائے اور اسکولوں کو دوبارہ کھولنے سے قبل کووڈ ایس او پیز کے مکمل نفاذ کے لیے ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں۔
(یہ خبر ایکسپریس ٹریبیون کی 23 اگست 2021 کی اشاعت سے اخذ کی گئی ہے)