کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اسکول کو سیل کردیا گیا
کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اسکول کو سیل کردیا گیا
شہر کی ضلعی انتظامیہ نے بدھ کے روز کووڈ کیسز میں اضافے کے نتیجے میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے افراد اور اداروں کے خلاف کارروائی کی۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل کے ڈپٹی کمشنر طحہٰ سلیم کے مطابق لیاقت آباد سب ڈویژن کے اسسٹنٹ کمشنر نے موسیٰ کالونی میں واقع ایک اسکول کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بند کر دیا تھا۔
ضلعی حکومت بدھ کے روز زیادہ سے زیادہ لوگوں کی ویکسینیشن یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کر رہی تھی۔ گولیمار کے علاقے کی بھی ڈسٹرکٹ سینٹرل ایڈمنسٹریشن کی طرف سے چھان بین کی گئی، اس سلسلے میں بازار میں ایس او پیز کو نافذ کیا گیا جہاں تاجروں اور صارفین میں ماسک فراہم کیے گئے۔ ناظم آباد کے علاقے میں اسکولوں، امتیاز سپر مارکیٹ، ہادی مارکیٹ اور گولیمار سینٹری مارکیٹ میں ویکسینیشن مہم کا انعقاد کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ساؤتھ اور ڈسٹرکٹ کیماڑی کی انتظامیہ نے بھی مختلف پبلک ٹرانسپورٹیشنز میں ایس او پیز کو نافذ کیا اور بہت سے بازاروں اور شاپنگ سینٹرز میں ویکسی نیشن کارڈز کی جانچ کی گئی۔
مزید پڑھیئے: اسلام آباد میں کووڈ کیسز کی وجہ سے مزید تعلیمی اداروں کو سیل کر دیا گیا
نارتھ کراچی کی یونین کمیٹی 3 باڑہ مارکیٹ اور موبائل مارکیٹ کے سیکٹر فائیو میں ایک اور ویکسینیشن مہم کا انعقاد کیا گیا۔ کمشنر آفس کے مطابق ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں ایک فیول اسٹیشن کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بند کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ صدر کے شالیمار بس ٹرمینل پر کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دو گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا گیا۔
دوسری جانب کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے پاکستان سپر لیگ کے منصوبوں کی تصدیق کے لیے اپنے دفتر میں ایک اجلاس طلب کیا، جو 27 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہوگی۔ کانفرنس میں سیکیورٹی، ٹریفک، پارکنگ اور شٹل سروسز کا بھی جائزہ لیا گیا، ساتھ ہی بجلی کی فراہمی، اسٹریٹ لائٹس اور صفائی کے انتظامات پر بھی غور کیا گیا۔