اسلام آباد میں کووڈ کیسز کی وجہ سے مزید تعلیمی اداروں کو سیل کر دیا گیا
اسلام آباد میں کووڈ کیسز کی وجہ سے مزید تعلیمی اداروں کو سیل کر دیا گیا
خبر رساں اداروں کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کووِڈ کیسز سامنے آنے کے بعد مزید دو تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔
ایک نجی یونیورسٹی کے اسلام آباد میں واقع کیمپس میں مجموعی طور پر 20 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور ایک نجی اسکول کی سون گارڈن برانچ میں کووڈ کے تین کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
مزید پڑھئیے: تعلیمی ادارے ہفتے میں تین دن کھلیں گے، این سی او سی کی تجویز
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد نے ڈپٹی کمشنر کو لکھے گئے خط میں دونوں تعلیمی اداروں کو سیل کرنے کی ہدایت کی۔ ان تعلیمی اداروں کو مزید احکامات جاری ہونے تک سیل کرنے کے ساتھ ساتھ کنٹیکٹ ٹریسنگ اور ٹیسٹنگ آپریشن کا حکم دیا گیا ہے۔
ملک بھر میں کووڈ پازیٹو کی شرح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے جبکہ قومی سطح پر یہ شرح 11 فیصد سے بھی عبور کر گئی ہے، کراچی 41.06 فیصد کے تناسب کے ساتھ سب سے آگے ہے۔
وزارت برائے قومی صحت کے ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مثبت تناسب 11.55 فیصد تک پہنچ گیا، صوبہ سندھ میں 21.77 فیصد، پنجاب میں 7.23 فیصد، بلوچستان میں 4.74 فیصد، اور خیبر پختونخوا میں 2.88 فیصد کا تناسب ہے۔ اسلام آباد میں مثبت کیسز کا تناسب 15.37 فیصد، آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) میں مثبت کیسز کا تناسب 6.07 فیصد اور گلگت بلتستان کا مثبت تناسب 2.17 فیصد تھا۔
مزید پڑھئیے: طارق بنوری نے ایچ ای سی کے چیئرمین کی حیثیت سے دوبارہ عہدہ سنبھال لیا
بڑے شہروں کے لحاظ سے، کراچی 41.06 فیصد کے کووڈ مثبت تناسب کے ساتھ سرفہرست رہا، اس کے بعد مظفر آباد 25 فیصد، حیدرآباد 17.27 فیصد، لاہور 14.25 فیصد، اور راولپنڈی 12.75 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
کورونا کی پانچویں لہر کے دوران، جس میں اومیکرون ویریئنٹ پھیل رہی ہے، یہ بھی پتہ چلا کہ بچے اور صحت کے کارکنان زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔