جامعات میں ترجمہ کے ساتھ قرآن پاک کی تعلیم دی جائے، قومی اسمبلی میں قرارداد منظور
جامعات میں ترجمہ کے ساتھ قرآن پاک کی تعلیم دی جائے، قومی اسمبلی میں قرارداد منظور
قومی اسمبلی نے پیر کے روز متفقہ طور پر ایک قرار داد منظور کرتے ہوئے حکومت سے تمام یونیورسٹیوں اور وفاقی حکومت سے وابستہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اردو ترجمہ کے ساتھ قرآن پاک کی تعلیم کو لازمی قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
قرار داد میں کہا گیا ہے کہ آئین کے مطابق پاکستان باضابطہ طور پر ایک اسلامی جمہوریہ ریاست ہے اس لیے یہاں قرآن و سنت کو سپریم قانون سمجھا جانا چاہیے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ جامعات میں قرآن مجید کی تفہیم کے لیے مناسب انتظامات کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے ایوان کی جانب سے یہ قرارداد پیش کی اور کہا کہ ترجمے کے ساتھ قرآن پاک کی تعلیم دینے سے طلباء کو بہتر طور پر قرآن کی تعلیمات کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔
اس کے علاوہ ایوان میں اسی روز ایک اور قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ ایوان نے کشمیریوں کے لیے مکمل سیاسی اور حکومتی حمایت میں توسیع کی اور کشمیریوں کے خلاف مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کے ریاستی تشدد کی مذمت کی۔
یہ قرارداد کشمیر کے یوم شہدا کے موقع پر قرارداد منظور کی گئی۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے ایوان کی جانب سے قرارداد کو آگے بڑھایا۔