کرغیزستان، پاکستان کے نئےنصاب سے استفادہ کرے گا، کرغیزستان کے وزیر تعلیم کا اعلان

کرغیزستان، پاکستان کے نئےنصاب سے استفادہ کرے گا، کرغیزستان کے وزیر تعلیم کا اعلان

کرغیزستان، پاکستان کے نئےنصاب سے استفادہ کرے گا، کرغیزستان کے وزیر تعلیم کا اعلان

منگل کے روز کرغیزستان کے وزیر تعلیم و سائنس المازبیک بیشنالیف نے کہا کہ کرغیزستان اپنے نظام تعلیم کی جدید درجہ بندی کے عمل میں پاکستان کے نئے قومی یکساں تعلیمی نصاب سے استفادہ کرے گا۔

 اپنے پاکستان کے دورے کے دوران انہوں نے ایک وفد کے ہمراہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے ملاقات کی اور ملاقات میں دونوں ملکوں کے وزرائے تعلیم نے باہمی دلچسپی اور دوطرفہ تعاون کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ اور تاریخی تعلقات ہیں۔

شفقت محمود نے بتایا کہ پاکستانی طلبا تعلیم کے حصول کے لیے کرغیزستان جاتے ہیں جبکہ پاکستانی ماہرین تعلیم کرغیزستان کے تعلیم کے شعبے میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ایچ ای سی نے ایل اے ٹی امتحان کی آخری تاریخ کا اعلان کردیا

انہوں نے مزید کہا کہ کرغیز طلباء مدارس میں دینی تعلیم حاصل کرنے کے لیے اکثر پاکستان آتے تھے۔

شفقت محمود نے کرغیز وزیر تعلیم کو پیشہ ورانہ تربیت میں وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ پہلی بار یہ تربیت دو سو ہائی اینڈ ٹریڈ کے شعبے میں دی جارہی ہے جس میں روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت سے متعلق کورسز بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم پیشہ ورانہ اداروں کی درجہ بندی کے لیے قومی ایکریڈیشن کونسل (این اے سی) قائم کرنے جارہے ہیں۔

کرغیز وزیر تعلیم نے تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لیے اپنے پاکستانی ہم منصب کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے ریمارکس دیئے کہ ہم اپنے تعلیمی نظام میں اضافے اور بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں  لہٰذا ہمارے لیے یہ بہت خوشی کی بات ہوگی کہ ہم پاکستان کے نئے یکساں قومی نصاب سے فائدہ اٹھائیں گے۔

کرغیز وزیر تعلیم نے تعلیم کے میدان میں تعاون بڑھانے کی امید کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ ملک اپنے طلباء کے لیے پاکستانی پیشہ ورانہ تربیتی اداروں سے فائدہ اٹھائے گا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بھی انہیں ایس این سی کی تازہ ترین اپ ڈیٹس اور اس کے اہداف سے آگاہ کیا۔

شفقت محمود نے انہیں وبائی مرض کے دوران کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا ، جس میں آن لائن تعلیم ، فاصلاتی تعلیم کے پروگراموں اور تعلیم کے شعبے میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں کیے جانے ولاے اقدامات شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے شعبے میں ٹیکنالوجی بدل رہی ہے اور نئی ایجادات سامنے آرہی ہیں، ہم پاکستان کے کم ترقی یافتہ علاقوں میں مستحکم انٹرنیٹ کی فراہمی کو یقینی بنارہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ڈپٹی کمشنر بٹگرام کی امیدواروں کو پیپر لیک ہونے کا ثبوت فراہم کرنے کی ہدایت

شفقت محمود نے کہا کہ ہم ملک کے دور دراز علاقوں میں ٹیکنالوجی کی مدد سے معیاری تعلیم کی فراہمی کو بھی یقینی بنائیں گے۔

دونوں معززین نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلیم کے شعبے میں تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے وفاقی تعلیم وجیہہ اکرم، وفاقی سیکرٹری برائے تعلیم فرح حامد ، ایڈیشنل سیکرٹری محی الدین احمد وانی اور دیگر اعلیٰ عہدیداران نے بھی شرکت کی جبکہ وفد میں کرغیز یونیورسٹیز کے سینئر ریکٹرز بھی موجود تھے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©️ 2021 کیمپس گرو