آن لائن کلاسز کے خلاف احتجاج کرینگے، طلباء خیبرپختونخواہ
آن لائن کلاسز کے خلاف احتجاج کرینگے، طلباء خیبرپختونخواہ
پشاور میں یونیورسٹی کے طلباء نے آن لائن کلاسز کو مسترد کردیا۔ انہوں نے صوبے کے بیشتر حصوں میں انٹرنیٹ کی سہولیات کی عدم فراہمی کو مدِ نظر رکھے بغیر یونیورسٹیز کو دوبارہ کھولنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف احتجاج کی دھمکی دی۔
طلباء کا کہنا تھا کہ اگر ہائر ایجوکیشن کمیشن آن لائن کلاسز دوبارہ شروع کرنے کے فیصلے کو رد نہیں کرتا تو وہ بھرپوراحتجاج کریں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ طلباء نے لاک ڈاؤن کو ختم کرنے اور یونیورسٹیز کو دوبارہ معمول کے مطابق کھولنے کا مطالبہ کیا کیونکہ طلباء کے مطابق انٹرنیٹ کی سہولت کے بغیر آن لائن کلاسز کا انعقاد عملی طور پر ممکن ہی نہیں تھا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پشاور یونیورسٹی اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے جنرل سکریٹری ملک حسنین نے کہا کہ صوبے میں آن لائن کلاسز کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت طلباء کے بہترین مفاد میں آن لائن کلاسز اور امتحانات کے فیصلے کو واپس لے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر اس فیصلے کو کالعدم قرار نہیں دیا گیا تو خواتین سمیت تمام طلباء احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکلیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت فوری طور پر لاک ڈاؤن کو ختم کرے اور صوبے بھر کی یونیورسٹیز کو دوبارہ کھولے اور تمام ایس او پیز کے ساتھ باقاعدہ کلاسز کا آغاز کرے۔