جاپان کی جانب سے پاکستانی طلباء کے لیے ملازمتوں کی پیشکش
جاپان کی جانب سے پاکستانی طلباء کے لیے ملازمتوں کی پیشکش
پاکستان سے تعلیم یافتہ کارکنوں کو درآمد کرنے کے لیے، اسلام آباد میں واقع جاپانی سفارتخانہ جاپانی زبان کے کورسز کی فراہمی کے لیے مقامی یونیورسٹیوں کے ساتھ شراکت کرنا چاہتا ہے۔
پاکستان میں جاپان کے سفیر میتسوڈا کونینوری نے کہا کہ ہم اور ہمارا سفارتخانہ بنیادی طور پر ان پاکستانیوں کی مدد کے لیے جاپانی زبان کی تعلیم کو فروغ دینا چاہتے ہیں جو روزگار کے حصول کے لیے جاپان جانا چاہتے ہیں۔ لہٰذا میں نے کچھ یونیورسٹیوں کا دورہ کیا ہے، اگرچہ میں زیادہ سے زیادہ یونیورسٹیز میں جانا چاہتا تھا، خاص طور پر کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں، لیکن موجودہ کورونا وائرس نے اس منصوبے میں رکاوٹ پیدا کردی ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ جیسے ہی چیزیں معمول پر آئیں، جاپانی زبان کے منصوبہ بند کورسز مکمل ہو جائیں۔
مزید پڑھیں: امتحانی مراکز کے باہر کووڈ سے بچائو کے اقدامات ناکافی ہیں، شفقت محمود
جاپانی سفیر نے مزید کہا کہ ان کے سفارتخانے نے جاپانی زبان کے اساتذہ کو پاکستان لانے کا فیصلہ کیا ہے جو پاکستانی اساتذہ کے ساتھ تعاون کرسکیں۔
جاپانی سفیر نے کہا کہ جاپان پاکستانی یونیورسٹیوں کے ساتھ تعلیمی سطح پر تعاون کی امید کرتا ہے، جس سے پاکستانیوں کو جاپان میں روزگار تلاش کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: جو طلباء مئی، جون میں کیمبرج کے امتحانات نہیں دینا چاہتے وہ اکتوبر نومبر میں دے سکتے ہیں
کونینوری کے مطابق پاکستانی ہنر مند افراد کو جاپان کے انجینئرنگ اور آئی ٹی سیکٹر میں مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی طویل مدتی کارکردگی کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اب وزٹ کے لیے خطرناک جگہ نہیں رہا ہے، لہٰذا میں توقع کرتا ہوں کہ آنے والے برسوں میں یہاں جاپان سے سیاحوں اور کاروباریافراد کی آمد میں اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ جاپان، پاکستان کے لیے سفری پابندیوں میں نرمی کرے گا۔ اور سیکیورٹی خطرات کے معاملے میں پاکستان کا درجہ کم کیا جائے گا۔