ایف ڈی ای کا سرکاری اسکولوں کے لیے 12 دن کی گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان
ایف ڈی ای کا سرکاری اسکولوں کے لیے 12 دن کی گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان
منگل کے روز فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) نے سرکاری اسکولوں میں 12 دن کے لیے گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔
ڈائریکٹر اکیڈمک سعدیہ عدنان کے دفتر سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، حکومت کے زیر انتظام تعلیمی ادارے 18 جولائی سے یکم اگست تک بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ تعلیمی سرگرمیاں 2 اگست کو دوبارہ شروع ہوں گی۔ ایف ای ڈی کی جانب سے پروموشن پالیسی بھی جاری کی گئی تھی، جس میں جماعت اول سے ہشتم تک کے طلباء کو بنا کسی امتحان کے پاس کیے جانے کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے یہ ہدایت جاری کی گئی تھی کہ انسٹیٹیوٹس از خود اسٹوڈنٹس سے چار اسسمنٹ (ٹیسٹ) لیں اور اس کا سارا ریکارڈ محفوظ رکھیں۔
مزید پڑھیئے: ٹینیور ٹریک سسٹم پروفیسرز کا تںخواہوں میں اضافے کا مطالبہ
پالیسی میں مزید کہا گیا ہے کہ اس جائزے کے نتائج سے قطع نظر کسی بھی طالب علم کو پیچھے نہیں رکھا جائے گا یا ناکامی کے برابر گریڈ نہیں ملے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ موسم گرما کی تعطیلات صرف طلباء کو دی جائیں گی جبکہ تدریسی عملے کو تعطیلات کے دوران نئی وردی اور نصابی تربیت دی جائے گی۔
اس سے قبل 11 جون کو طلباء کے والدین نے ایف ڈی ای سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹوری (آئی سی ٹی) کے طلباء کے لیے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کریں خاص طور پر پرائمری سیکشنز میں شدید گرمی اور کلاس رومز میں ہائی ٹیمپریچر کی وجہ سے جن طلباء کی صحت خطرے میں ہے۔
شدید گرمی کے باعث اسلام آباد کے مختلف اسکولوں میں متعدد طلباء بے ہوش ہوگئے تھے جبکہ بیشتر طلباء شدید گرمی کی وجہ سے اسکول جانے سے قاصر رہے تھے