اسکول فرنیچر خریدنے میں غبن کیا گیا، حلیم عادل شیخ
اسکول فرنیچر خریدنے میں غبن کیا گیا، حلیم عادل شیخ
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ وزیر تعلیم سعید غنی اس بدعنوانی کے پیچھے ہیں۔
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے 16 ہزار اسکول ڈیسک خریدنے کی صورت میں مبینہ طور پر بھاری رقم غبن کرنے کی کوشش پر سندھ حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت 29 ہزار روپے فی ڈیسک کے حساب سے اسکول ڈیسک خریدنے کے لیے تیار ہے جبکہ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ وہی ڈیسک ہے جو انہوں نے مقامی فرنیچر مارکیٹ سے 5 ہزار روپے میں خریدا۔
مزید پڑھئے: لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے ایکسپو کا انعقاد
حلیم عادل شیخ یہ ڈیسک خرید کر ایوان میں لائے اور اسی ڈیسک پر بیٹھ کر پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے منصوبے کے تحت اربوں روپے غبن کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا شکر گزار ہوں کہ اس نے ڈیسکوں کی خریداری میں بدعنوانی کی نشاندہی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کرپشن کو روکنے کے لیے اعلیٰ سطح پر تحقیقات کی ضرورت ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اس طرح سندھ کا بجٹ ان وزراء نے استعمال کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں میڈیا کا شکر گزار ہوں جس نے اس مسئلے کی نشاندہی کی اور اسے اجاگر کیا۔
مزید پڑھئے: قومی اسمبلی میں نیا تعلیمی بل پاس کرنے کی تجویز
انہوں نے کہا کہ اس بدعنوانی کے پیچھے سعید غنی کا ہاتھ ہے۔ سندھ کے وزیر تعلیم کو چاہیے کہ وہ ڈیسک لائیں اور اسمبلی کو آگاہ کریں کہ اتنے مہنگے ڈیسک کیوں خریدے جا رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ ڈیسک سونے سے بنے ہوئے ہیں؟
(یہ خبر ایکسپریس ٹریبیون کی 15 ستمبر 2021 کی اشاعت سے اخذ کی گئی ہے)