حکومت نے ڈاکٹر طارق بنوری کو ایچ ای سی کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹا دیا
حکومت نے ڈاکٹر طارق بنوری کو ایچ ای سی کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹا دیا
وفاقی حکومت نے ہفتے کے روز ڈاکٹر طارق بنوری کو فوری طور پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کا اعلان کیا۔
ایچ ای سی کے آرڈیننس 2002 کے سیکشن 6 کے ذیلی سیکشن (5) اور ترمیم شدہ ایچ ای سی آرڈیننس 2021 کے مطابق ڈاکٹر طارق بنوری کو اپنی تین سالہ تعیناتی کی معیاد پوری ہونے پر چیئرپرسن کے عہدے سے ہٹایا جانا تھا۔ کابینہ سیکرٹریٹ کے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر طارق بنوری کو فوری طور پر اس عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
طارق بنوری کو سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے مئی 2018 میں اس عہدے پر تعینات کیا تھا۔ وہ مئی 2022 میں اپنی میعاد پوری کر رہے تھے۔
مزید پڑھیں: ایچ ای ڈی کا کالج آف دی ایئر مقابلہ شروع کرنے کا اعلان
صدارتی آرڈیننس کے مطابق ایچ ای سی کے چیئرپرسن کی میعاد کو کم کرکے دو سال کردیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر طارق بنوری کی برخاستگی کی اصل وجہ 800،000 روپے کی بھاری تنخواہوں پر 15 مشیروں کی موجودگی تھی جبکہ ایسے مشیروں کی تقرری کے لیے طے شدہ قواعد پر بھی عمل نہیں کیا گیا تھا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے بھی اس تقرری کا نوٹس لیا تھا اور ایچ ای سی سے اس عمل کی وضاحت طلب کی تھی۔
اس کے علاوہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر طارق بنوری عام طور پر وائس چانسلرز سے ملنے اور عوامی یونیورسٹیوں کی شکایات سننے سے بھی گریز کرتے تھے۔
ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام اور پی ایچ ڈی پروگرام پر اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے سخت تحفظات کے باوجود انہوں نے اس معاملے پر کوئی لچک نہیں دکھائی اور نہ ہی اس معاملے پر انہوں نے کسی صوبے کے کسی وائس چانسلر سے ملاقات کی۔
ڈاکٹر طارق بنوری کی برطرفی کے بعد ابھی تک کسی کو ایچ ای سی کے چیئرپرسن کی ذمہ داری نہیں دی گئی ہے۔
ڈاکٹر طارق بنوری نے ہارورڈ یونیورسٹی سے اکنامکس میں پی ایچ ڈی اور ولیمز کالج سے ڈیولپمنٹ اکنامکس میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی تعلیم کو کس چیز نے آگے بڑھنے سے روک رکھا ہے؟
وہ ایک مشہور مصنف بھی ہیں اور ان کے کریڈٹ پر لگ بھگ 20 کتابیں اور 30 تحقیقی مقالے موجود ہیں۔ اپنے عمدہ تعلیمی کیریئر اور تحقیق کی گہری تفہیم کی وجہ سے سابق وزیر اعظم کو پیش کی جانے والی فہرست میں ان کا پہلا نام تھا، جس کا نتیجہ بالآخر ان کی اس اہم عہدے پر تقرری کی صورت میں ہوا۔
پیشہ ورانہ طور پر ڈاکٹر طارق بنوری نے اپنے کیریئر کا آغاز پاکستان میں سرکاری ملازم کی حیثیت سے کیا لیکن اس کے بعد وہ ہارورڈ میں پی ایچ ڈی کرنے کے لیے امریکہ چلے گئے اور خاص طور پر بیرون ملک سماجی اور ترقیاتی شعبے میں خدمات انجام دیں۔ تاہم ان کا کردار مقامی اور بین الاقوامی سطح پر زیادہ تر غیر سرکاری اداروں کے ساتھ مضبوط روابط کے بارے میں جانا جاتا ہے جو پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اسکالرشپس، تعاون اور بین الاقوامی سطح پر نام کمانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔