او لیول، آئی جی سی ایس ای کے امتحانات 10 مئی سے ہوں گے، شفقت محمود
او لیول، آئی جی سی ایس ای کے امتحانات 10 مئی سے ہوں گے، شفقت محمود
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پیر کے روز تصدیق کی کہ کیمبرج سے مشاورت کے بعد پاکستان میں او لیول اور آئی جی سی ایس ای کے امتحانات کا انعقاد 10 مئی سے ہوگا۔
شفقت محمود نے ایک ٹوئٹر پوسٹ میں کہا کہ مجھے کرسٹین اوزڈن، سی ای او کیمبرج کا خط موصول ہوا ہے جس میں درخواست کی گئی تھی کہ او لیول اور آئی جی سی ایس ای کے امتحانات کو15مئی کے بجائے 10مئی سے شروع ہونے دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد ہم نے اتفاق کیا ہے کہ اب او لیول اور آئی جی سی ایس ای کے امتحانات کا عمل 10 مئی سے شروع ہوگا۔
وفاقی وزیر نے اپنی ٹوئٹر پوسٹ میں اوزڈن کے ایک خط کا حوالہ بھی دیا، جس میں سی ای او کیمبرج نے کہا تھا کہ گذشتہ اعلان کردہ تاریخ سے پہلے ہونے والے امتحان سے مزید بہت سے طلباء کو ترقی کرنے میں مدد ملے گی اور تعلیمی نظام میں اسٹوڈنٹس کے درمیان مساوات کا عمل بہتر ہوگا۔
آج مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ایک سوال کے جواب میں شفقت محمود نے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر کیمبرج سے بات کی ہے اور وہ اس عمل میں آسانی پیدا کریں گے۔
اس سے پہلے 25 مارچ کو ہزاروں طلبہ کی جانب سے خدشات ظاہر کیے جانے کے بعد وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ کیمبرج انٹرنیشنل نے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے دوران 15مئی کے بعد اعلان کردہ او لیول کے امتحانات کو دوبارہ ترتیب دینے پر اتفاق کیا ہے۔
تاہم، انہوں نے کہا تھا کہ کورونا وائرس سے بچائو کے لیے تمام ایس او پیز پر عمل در آمد کرتے ہوئے اصل ٹائم ٹیبل کے مطابق اے اور اے ایس لیول کے امتحانات ہوں گے۔
جون 2021 سیریز کے سلسلے میں پاکستان بھر سے 90،000 کے قریب طلباء اے اور او لیول کے امتحانات میں حصہ لیں گے ، جس میں تقریباً 50،000 طلباٗ ری شیڈول شدہ او لیول امتحانات میں حصہ لیں گے۔