احساس اسکالرشپ کے لیے درخواستیں طلب کر لی گئیں
احساس اسکالرشپ کے لیے درخواستیں طلب کر لی گئیں
طلباء کو 100فیصد ٹیوشن فیس اور 4000 روپے ماہانہ وظیفہ ملے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ 45 ہزار روپے سے کم کی ماہانہ گھریلو آمدنی کے ساتھ تعلیمی سال 'خزاں 2021' میں چار یا پانچ سالہ انڈرگریجویٹ ڈگری پروگراموں میں نئے داخلہ لینے والے طلباء سے کہا گیا ہے کہ وہ احساس انڈرگریجویٹ اسکالرشپ پروگرام کے لیے درخواستیں جمع کرائیں۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پیر کے روز کہا کہ یہ اسکالرشپ پروگرام کم آمدنی والے گھرانوں کے ہونہار طلباء کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے فراہم کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھئے: کے پی حکومت کا رحمت اللعالمین اسکالرشپ کا اعلان
انہوں نے کہا کہ اس تعلیمی سال میں مذکورہ پروگرام کے تحت مستحق طلباء کو 50,000 میرٹ کم ضرورت پر مبنی وظائف فراہم کیے جائیں گے۔ اہل طلباء احساس آن لائن پورٹل کے ذریعے اسکالرشپ حاصل کرنے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
اسکالرشپ کی درخواستوں میں ان یونیورسٹیوں کا ذکر کرنا ہوگا جن میں وہ داخلے کی درخواست دے رہے ہیں۔
اس پروگرام کا جغرافیائی پھیلاؤ چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری پر محیط ہے۔
احساس اسکالرشپ پالیسی کے مطابق 50 فیصد وظائف لڑکیوں کے لیے مختص ہیں۔ جبکہ یہ اسکالرشپ 100 فیصد ٹیوشن فیس کا احاطہ کرے گی اور اسٹوڈنٹس کو 4,000 روپے ماہانہ وظیفہ بھی فراہم کرے گی۔
مزید پڑھئے: بابر اعظم کا نون کے ساتھ 20 لاکھ روپے کی اسکالرشپس کا اعلان
گزشتہ دو سال کے دوران، کم آمدنی والے پس منظر کے طلباء کو ملک بھر میں 142,000 سے زیادہ اسکالرشپس دی گئی ہیں۔ اصول پر مبنی احساس اسکالرشپ کے طریقہ کار کے مطابق، انڈر گریجویٹ اسکالرشپس کو میرٹ اور ضرورت کی بنیاد پر دیا جائے گا تاکہ مالی معاملات میں جدوجہد کرنے والے ذہین طلباء کو فائدہ پہنچے۔
احساس فریم ورک کے ایک حصے کے طور پر، پروگرام کے تحت چار سال میں 200,000 وظائف دیے جائیں گے۔
احساس اسکالرشپ کے وصول کنندگان تسلی بخش تعلیمی پیشرفت کے ساتھ ان کے انڈرگریجویٹ ڈگری پروگرام کے دوران وظائف حاصل کرتے رہیں گے۔
(یہ خبر ایکسپریس ٹریبیون کی 26 اکتوبر 2021 کی اشاعت سے اخذ کی گئی ہے)