صوبہ سندھ نے لرننگ ایپ لانچ کرنے کا اعلان کردیا
صوبہ سندھ نے لرننگ ایپ لانچ کرنے کا اعلان کردیا
یہ اعلان سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے منگل کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ صوبے میں ڈیجیٹل لرننگ کی شروعات کے لیے ایک لرننگ ایپ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لرننگ ایپ کو کسی بھی اینڈرائیڈ فون پر باآسانی ڈائون لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ یہ ایپ کے جی سے لے کر پانچویں جماعت تک کے بچوں کے لیے خاص طور پر ڈیزائن کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی وزارتِ تعلیم، اساتذہ کو ڈیجیٹل کلاس رومز میں پڑھانے کی تربیت دینے پر بھی کام کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس لرننگ ایپلیکیشن میں اردو، انگلش، ریاضی اور سائنس کے مضامین شامل ہیں تاہم مستقبل قریب میں اس میں سندھی کا مضمون بھی شامل کیا جائے گا۔
لرننگ ایپ کی خصوصیات کو متعارف کرانے کے لیے وزراتِ تعلیم کے پینل نے پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کے سامنے اس ایپ کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا۔ وزارت تعلیم کے پینل نے ایپلی کیشن کی خصوصیات کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اس ایپ میں ایک باہمی تعاون کی جگہ دی گئی ہے جس کے ذریعے اساتذہ اور طلباٗ ایک ساتھ مل کر کام کرسکتے ہیں اور اپنے نوٹس اور دیگر معلومات بھی آپس میں شیئر کرسکتے ہیں۔
پینل کے مطابق لرننگ ایپ کے اندر ایک کانٹینٹ لائبریری بھی ہے، جس میں صرف اساتذہ کو ہی رسائی حاصل ہو سکتی ہے اور اس جگہ پر وہ کلاس روم کا مکمل مواد فراہم کرسکتے ہیں۔ پینل نے اس لرننگ ایپ کی مزید وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اس میں ایک الگ ای بک بھی دی گئی ہے جبکہ اسائنمنٹس، گریڈز، کوئز اور ورک شیٹ سمیت ایپ میں تقریباً ہر فیچر موجود ہے جس کی طلبا یا اساتذہ کو ضرورت پیش آسکتی ہے۔