پنجاب کی وزارت تعلیم نے عملے کو ویکسینیشن ڈیوٹی سے روک دیا
پنجاب کی وزارت تعلیم نے عملے کو ویکسینیشن ڈیوٹی سے روک دیا
پنجاب کی وزارت تعلیم نے حفاظتی ٹیکوں اور مانیٹرنگ کے فرائض انجام دینے کے لیے اسکول مانیٹرنگ اسٹاف کی تعیناتی کا سخت نوٹس لیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ پولیو ویکسینیشن کے فرائض، ٹائیفائیڈ ٹیکوں کی ڈرائیو، نگرانی اور کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ایس او پیز پر عمل درآمد، قیمتوں کی نگرانی اور کنٹرول کے لیے محکمہ تعلیم کے ملازمین کو باقاعدگی سے فرائض تفویض کرتی ہے۔
مزید پڑھیں: یکساں قومی نصاب کا آغاز اگست 2021 سے ہوگا، وفاقی وزیرتعلیم
اس کے بعد وزارت تعلیم نے صوبے کے تمام 36 اضلاع کے ضلعی ایجوکیشن افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ فوری طور پر محکمہ تعلیم کے افسران اور اہلکاروں کو ان غیرضروری فرائض سے ہٹائیں اور انہیں اسکولوں کی نگرانی پر تعینات کریں۔
وزارت تعلیم پنجاب کے ڈپٹی ڈائریکٹر مانیٹرنگ ملک غلام فرید نے اس حوالے سے خصوصی سرکلر جاری کیا ہے۔
وزارت نے پنجاب کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے بھی کہا ہے کہ وہ محکمہ تعلیم کے عملے کو اضافی اور غیرضروری ڈیوٹی سے دستبردار کریں اور انہیں محکمہ تعلیم کو واپس بھیجیں۔
وزارت تعلیم نے بھی متنبہ کیا ہے کہ فیلڈ مانیٹرنگ افسران جو متعلقہ محکمہ میں فوری طور پر واپس نہ آئے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب محکمہ تعلیم نے ریگولرائزیشن کے لیے2017 میں بھرتی ہونے والے تمام اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز اور ایس ایس ایز کی فہرستیں طلب کرلی ہیں۔
وزارت تعلیم نے صوبہ بھر کے ضلعی تعلیمی افسران کو ایک سرکلر جاری کیا ہے اور انہیں 31 جنوری تک مکمل ڈیٹا جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھیں: ایچ ای سی کا یونیورسٹیز کو آن لائن امتحانات منعقد کرانے کا مشورہ
اساتذہ کی تنظیموں کے مطابق اعداد و شمار کے موصول ہونے کے بعد ان تمام کنٹریکٹ ایجوکیٹرز کو باقاعدہ بنانے کا عمل شروع کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ، چونکہ یکم فروری سے ملک کے تمام تعلیمی ادارے کھل جائیں گے، وزارت تعلیم نے صوبے بھر کے اساتذہ، طلباء، غیر تدریسی عملے اور گریڈ فور کے ملازمین کی تمام تفصیلات طلب کی ہیں جن کے 18 دسمبر 2020 سے 29 جنوری تک کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔
وزارت تعلیم نے ایک سرکلر میں پنجاب کے تمام اضلاع کے ضلعی تعلیمی حکام کے چیف ایگزیکٹو افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ 30 جنوری تک اس مدت کے دوران کورونا وائرس کے انفیکشن سے متاثرہ عملے کا ڈیٹا ارسال کریں۔
ذرائع کے مطابق ، کورونا وائرس سے متاثر تمام اساتذہ، طلباء اور عملہ سے دوبارہ ٹیسٹ کروانے کو کہا جائے گا۔
سرکلر ملتے ہی ضلع بھر کے سرکاری پرائمری، مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے سربراہان نے ایسے عملے، اساتذہ اور طلبہ کے ڈیٹا کو اپ ڈیٹ کرنا شروع کردیا ہے۔