ایچ ای سی کا یونیورسٹیز کو آن لائن امتحانات منعقد کرانے کا مشورہ
ایچ ای سی کا یونیورسٹیز کو آن لائن امتحانات منعقد کرانے کا مشورہ
ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بدھ کے روز یونیورسٹیز کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی گنجائش کے مطابق اور منصفانہ تشخیص کی ضرورت پر مبنی امتحانات منعقد کریں۔
ٹوئٹر پر بات کرتے ہوئے ایچ ای سی نے کہا کہ کمیشن نے کورونا وائرس کی صورتحال کے درمیان کیمپس کے امتحانات کے مطالبے کے سلسلے میں بعض یونیورسٹیز کے طلباء کی طرف سے اٹھائے جانے والے خدشات کا نوٹس لیا ہے۔ ایچ ای سی نے بتایا کہ طلباء کی پریشانیوں کا یکم فروری 2021 ء سے یونیورسٹیوں کے دوبارہ کھلنے اور وبائی مرض کے باعث ہونے والی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام صوبوں اور ریجنز کے وائس چانسلرز کی مشاورت سے مجموعی صورتحال کا بغور جائزہ لیا گیا۔
طلباء کو یاد دہانی کراتے ہوئے ایچ ای سی نے کہا کہ گائیڈنس اور امتحانات کی پالیسی کے ضمن میں ایچ ای سی نے پہلے ہی یونیورسٹیز کو امتحانات کے انعقاد کے لیے اپنی صوابدید کو استعمال کرنے کی اجازت دے دی تھی کہ یا تو کیمپس میں یا آن لائن امتحانات منعقد کرائے جائیں اور طلباء کی کارکردگی کا منصفانہ جائزہ فراہم کیا جائے۔
ایچ ای سی نے ٹوئٹر تھریڈ میں یہ بھی تجویز پیش کی ہے کہ اگر یونیورسٹیز اوپن بُک ایگزامز کا انتظام کرتی ہیں یا نگرانی کے ماحول میں ایک انویجیلیشن سسٹم قائم کرتی ہیں تو امتحانات ہوسکتے ہیں۔
اس طرح کام کرتے ہوئے یونیورسٹیز کو طلباء کے جوابات کی جانچ پڑتال کے لیے ٹرنٹین (سرقہ بازی کا ایک سافٹ ویئر) کا بھی استعمال کرنا پڑے گا، ایچ ای سی نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں کو جہاں ضرورت ہو وہاں زبانی امتحانات بھی لیے جاسکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایچ ای سی نے یونیورسٹیز کو مشورہ دیا کہ کیمپس کے امتحانات کورونا وائرس کے تمام پروٹو کولز کی سخت تعمیل کے تحت ہوسکتے ہیں۔ ممکنہ طور پر یونیورسٹیز کو بھی دو ہفتوں کے لیے میک اپ کلاسز کو مستحکم کرنا ہوگا۔
اس تھریڈ میں مزید کہا گیا ہے کہ سائیکوموٹر اسکلز کی ضرورت والے تمام کورسز جیسے میڈیسن اور انجینئرنگ اور لیب یا اسٹوڈیو میں کام سے متعلق مضامین کا انعقاد کیمپس میں ہونا چاہیے۔
ایچ ای سی کا کہنا ہے کہ امتحانات چاہے آن لائن ہوں یا آن کیمپس، ایک کورس میں شامل تمام طلبا کی ایک ہی طریقہ سے جانچ کی جائے گی۔
ایچ ای سی نے کہا کہ مارچ 2020 سے، کمیشن وبائی صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے اور تعلیمی رکاوٹوں کو کم سے کم کرنے اور معیاری حفاظتی اقدامات کے ساتھ آن لائن تعلیم کو جاری رکھنے کے لیے یونیورسٹیز سے خط و کتابت کر رہا ہے۔ اس تھریڈ میں مزید کہا گیا کہ آن لائن تیاری اور تشخیص اور امتحانات سے متعلق ایچ ای سی کا ہدایت نامہ ایچ ای سی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔