پی ای ایف نے اسکولوں کے طلباء کی کتابوں اور فیسوں کے لیے فنڈز جاری کردیئے
پی ای ایف نے اسکولوں کے طلباء کی کتابوں اور فیسوں کے لیے فنڈز جاری کردیئے
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے 18 جون سے پنجاب کے پارٹنر اسکولوں میں مفت نصاب کی کتابوں کی تقسیم شروع کردی ہے۔
ترجمان پی ای ایف کے مطابق نصاب کی کتابیں پی ای ایف کے بنائے گئے 52 کلیکشن مراکز سے صوبہ پنجاب کے 36 اضلاع میں تقسیم کی جائیں گی۔ کتابوں کی تقسیم کا عمل مختلف مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ پی ای ایف کے مطابق اسکولوں میں نصاب کی کتابوں کی تقسیم کے عمل کے دوران کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے تمام ایس او پیز پر عمل در آمد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پی ای ایف نے جون کے مہینے میں اسکول کے طلباء کی فیسوں کے لیے 64 ملین روپے جاری کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
پی ای ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ رقم تمام بینکوں کو روانہ کردی گئی ہے جو اسکول مالکان کے اکائونٹ میں منتقل کردی جائے گی۔ پی ای ایف نے بتایا کہ رقم وصول کرنے کے بعد اسکولوں کے مالکان کسی اسکول کے طالب علم سے فیس نہیں مانگ سکتے۔
دوسری جانب جماعت اسلامی کے سکریٹری جنرل امیر العظیم نے حکومت پنجاب پر تعلیم مخالف پالیسیوں کا الزام عائد کیا ہے۔ امیرالعظیم کا کہنا ہے کہ پی ای ایف سیکنڈری ایجوکیشن سسٹم میں 26 لاکھ سے زائد طلباء موجود تھے لیکن ان میں سے 300،000 سے زیادہ کی مالی اعانت نہیں کی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان طلباء کو اب جعلی قرار دے دیا گیا تھا اور ان کے لیے دیئے جانے والے فنڈز انصاف اسٹوڈنٹ فاؤنڈیشن کو منتقل کردیئے گئے تھے۔