جعلی خبروں پر کان نہ دھریں، ایچ ای سی کا طلباء کو انتباہ
جعلی خبروں پر کان نہ دھریں، ایچ ای سی کا طلباء کو انتباہ
ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے اینٹی ایجوکیشن گروپس کے ذریعے ایچ ای سی کی ویب سائٹ ہیکنگ اور دیگر جعلی خبروں کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غلط معلومات کے بارے میں طلبا کو متنبہ کردیا۔ ایک سرکاری پریس ریلیز میں ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ ویب سائٹ ہیکنگ کے بارے میں پھیلائی جانے والی خبریں غلط ہیں۔
ایچ ای سی نے بتایا کہ جعلی معلومات میں فوٹوشاپ کی گئی ایسی تصاویر شامل ہیں جو کچھ ایسے افراد نے بنائی ہیں جو اینٹی ایجوکیشن ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور اس کے ذریعے تعلیم کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں، ان لوگوں کے واٹس ایپ اور سوشل میڈیا لنکس کے ذریعے تیار کی گئی تصاویر اور خبریں جعلی ہیں طلباء اس پر توجہ نہ دیں۔
تعلیمی بجٹ میں کٹوتی افسوسناک ہے، ایچ ای سی
حکام کا کہنا ہے کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ یہ تصاویر ایچ ای سی کی ویب سائٹ کے اسکرین شاٹ ہیں لیکن اصل میں یہ تصاویر ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کردہ دیگر مواد کی جوڑ توڑ کے نتیجے میں تیار کی گئی ہیں۔ جب کہ ویب سائٹ ہیک ہونے کی خبریں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔ ایچ ای سی کا کہنا ہے کہ ویب سائٹ پر سائبر حملے ہوئے ہیں جس میں ملک سے باہر کے سرور شامل تھے۔ ایچ ای سی کی تکنیکی ٹیمیں ایسے حملوں کو روکنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہیں۔ یچ ای سی کی جاری کردہ دستاویز میں طلباء اور ریسرچ کمیونیٹیز اور عام لوگوں کو مزید چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ایچ ای سی کی ویب سائٹ اور ایچ ای سی کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے سوا کسی بھی وسائل پر اعتبار نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
طلباء کی ایچ ای سی کے خلاف احتجاج کی دھمکی
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ یہ معاملہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم یونٹ کے حوالے کردیا گیا ہے، یہ بات قابل ذکر ہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران طلبہ یونینز اور کچھ دیگر افراد نے کورونا وائرس کے باعث یونیورسٹی کی بندش کے دوران ایچ ای سی کی تعلیم کے بارے میں پالیسی کے خلاف احتجاج کیا تھا اورطلباء سے فیس کے مطالبے اور یونیورسٹی کے طلباء کو "ناکام آن لائن تعلیم کی پالیسی" فراہم کرنے پر ایچ ای سی اور نجی یونیورسٹیز کے خلاف ملک بھر سے طلبہ احتجاج کرنے نکلے تھے۔