اسکالر شپس کو کیسے تلاش کیا جائے۔؟
اسکالر شپس کو کیسے تلاش کیا جائے۔؟
بہت سے اسٹوڈنٹس کا خواب ہوتا ہے کہ وہ کسی اچھی یونیورسٹی میں داخلہ لے کر اپنی پسند کے شعبے میں مزید تعلیم حاصل کریں مگر ہر طالبِ علم کا یہ خواب پورا نہیں ہو پاتا، وجہ اس کی بعض اوقات مالی عدم استحکام بنتی ہے اور بعض اوقات اسٹوڈنٹس مطلوبہ گریڈز حاصل نہیں کر پاتے جس کی وجہ سے انہیں ان کی پسندیدہ یونیورسٹی میں داخلہ نہیں مل پاتا۔ دوسری جانب ہر سال بڑھتی ہوئی ٹیوشن فیس اور دیگر اخراجات بھی کئی طالب علموں کا آگے پڑھنے کا سفر روکنے کا باعث بنتے ہیں ہم میں سے بہت سارے ایسے اسٹوڈنٹ ہیں جو اپنے خوابوں کو سچ کر دکھانے کے لیے خوب محنت کرتے ہیں اور بالآخر اپنی منزل کو پا ہی لیتے ہیں۔
اسکالر شپ بھی ایسی ہی ایک چیز ہے جو آپ کو اپنے خوابوں کو سچ کر دکھانے کے سفر میں مدد گار ثابت ہوتی ہے۔ جو طالب علم مالی پریشانیوں کے باعث اپنا تعلیمی سفر جاری نہیں رکھ سکتے انہیں چاہیے کہ پڑھائی پر دھیان دینے کے ساتھ ساتھ اسکالر شپ حاصل کرنے کی بھی کوشش کریں۔ اگرچہ یہ اتنا آسان کام نہیں ہے کیونکہ ہر سال مختلف یونیورسٹیز کی جانب سے محدود تعداد میں اسکالر شپس آفر کی جاتی ہیں جبکہ انہیں حاصل کرنے کے لیے سیکڑوں بلکہ ہزاروں اسٹوڈنٹس مسلسل کوشش کررہے ہوتے ہیں جبکہ چند ہی ایسے خوش قسمت اسٹوڈنٹ ہوتے ہیں جو اسکالر شپ حاصل کرکے اپنی پڑھائی کو جاری رکھنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں ناں کہ محنت کرے انسان تو کیا ہو نہیں سکتا، اس لیے آپ بھی کوشش کرکے اسکالر شپ حاصل کرسکتے ہیں۔
ذیل میں اسکالر شپ کے حصول کے کچھ کار آمد طریقے دیئے جارہے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ یہ طریقے آپ کے بہت کام آئیں گے۔
جس قدر جلد ممکن ہوسکے اسکالر شپ کی تلاش شروع کردیں۔
کچھ کالجز اور یونیورسٹیز میں سال کے اوائل میں ہی اسکالر شپس کا اعلان کردیا جاتا ہے جبکہ اس وقت آپ کا کالج بھی شروع ہوچکا ہوتا ہے تو آپ سوچتے ہیں کہ ابھی سے اسکالر شپ کے لیے اپلائی کیوں کرنا۔۔۔ مگر یہ سوچ مناسب نہیں ہے کیونکہ اسکالر شپ حاصل کرنے تک ایک لمبے پراسس سے گزر کر جانا پڑتا ہے اس لیے کالج کے شروع کے دنوں میں ہی اگر آپ کو کسی یونیورسٹی کی اسکالر شپ کی آفر نظر آئے تو فوراً اس کے لیے اپلائی کردیں۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ کے جونیئر اور سینئر کالج کے سمر بریک کے دوران بھی اپنے وقت کو کام میں لائیں اور اسکالر شپس کے بارے میں سرچنگ کرتے رہیں۔ یہ بہت ضروری ہے کہ اسکالر شپ حاصل کرنے کے جتنے بھی مواقع ملیں آپ کو چاہیے کہ ان سے فائدہ اٹھائیں کیونکہ آپ جتنی زیادہ اسکالر شپس کے لیے اپلائی کریں گے آپ کے کوئی نہ کوئی اسکالر شپ حاصل کرنے کے امکانات اتنے ہی بڑھتے جائیں گے۔ جیسا کہ شروع میں ہم نے آپ کو بتایا کہ محدود اسکالر شپس کے لیے سیکڑوں بلکہ ہزاروں اسٹوڈنٹس اپلائی کررہے ہوتے ہیں اور یونیورسٹی انتظامیہ اپنی صوابدید پر اسکالر شپ جاری کرتی ہے اس لیے آپ جتنی زیادہ اسکالر شپس کے لیے اپلائی کریں گے آپ کی کامیابی کے امکانات اتنے ہی زیادہ ہوں گے۔
زیادہ سے زیادہ اسکالر شپس کے لیے اپلائی کریں
جتنی زیادہ اسکالر شپس کے لیے آپ کوشش کریں گے آپ کی کامیابی کے امکانات اس قدر ہی بڑھتے جائیں گے۔ اس کوشش کے نتیجے میں آپ کم از کم ایک یا دو اسکالر شپس تو حاصل کر ہی لیں گے۔ اسکالر شپ چاہے کسی مشہور و معروف یونیورسٹی کی ہو یا کسی یا کم مشہور یونیورسٹی کی آپ کے لیے اسے حاصل کرنا فائدہ مند ہی ہوگا کیونکہ اسکالر شپ سے ملنے والی انعامی رقم مفت کی ہوتی ہے جو آپ کے تعلیمی سلسلے میں بہت کام آتی ہے۔
اس کے علاوہ ایک اور طریقہ یہ ہے کہ کسی ایسی اسکالر شپ کے لیے اپلائی کریں جس میں مقابلے کا رجحان کم ہو چاہے اس کا مالی حجم کم ہی کیوں نہ ہو، ایسی چھوٹی چھوٹی اسکالر شپس کو حاصل کرنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں اس لیے اس موقع کو کبھی ضائع نہ کریں۔
مقامی سطح پر اسکالر شپ تلاش کریں
مقامی سطح پر اسکالر شپ تلاش کرنے کا ایک فائدہ تو یہ ہے کہ اس میں آپ کے مقابلے میں صرف مقامی اسٹوڈنٹس ہوتے ہیں جنہیں آپ اپنی قابلیت اور محنت سے ہرا کر اسکالر شپ جیت سکتے ہیں جبکہ انٹرنیشنل اسکالر شپس کے حصول کے لیے دنیا بھر سے اسٹوڈنٹس کوشش کر رہے ہوتے ہیں جس کے باعث مقامی اسٹوڈنٹس کی کامیابی کا امکان کم ہو جاتا ہے۔ ملکی یونیورسٹیز کی جانب سے آفر کی گئی اسکالر شپس کو حاصل کرکے آپ اپنے ملک میں رہ کر ہی اسکالر شپ کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس لیے مقامی اسکالر شپس کی حیثیت کو کم نہ جانیں اور جہاں تک ہوسکے ان سے فائدہ اٹھائیں۔
گوگل سے مدد لیں
آج کل چونکہ انٹرنیٹ اور ٹیکنالوجی کا زمانہ ہے تو بہت سارے اسکولز، کالجز اور دیگر تعلیمی اداروں نے باصلاحیت امیدواروں کے لیے آن لائن اسکالر شپس کا آپشن دے رکھا ہے۔ اس لیے اگر آپ بھی اسکالر شپ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو وقتاً فوقتاً گوگل پر اسکالر شپس سرچ کرتے رہیں۔ اس سے یہ فائدہ ہوگا کہ آپ کو اسکالر شپ نہ بھی ملی تو آپ کی معلومات میں اضافہ ہوگا اور آپ کو پتہ چل جائے کہ کون کون سے تعلیمی ادارے کب اور کس وقت اسکالر شپس آفر کرتے ہیں اور اسے حاصل کرنے کا پراسس کیا ہے۔ آپ کی یہ معلومات آپ کے ساتھ ساتھ آپ کے دوست احباب اور فیملی ممبرز کے بھی کام آسکتی ہیں۔
اپنے خاندان اور کمیونٹی کے ساتھ میل جول بڑھائیں
اسکالر شپ کے حصول کے لیے اپنی درخواست کو مزید پُرکشش بنانے کے لیے کمیونٹی کی سطح پر کام کرنا آپ کو بہت فائدہ پہنچائے گا۔ جو اسٹوڈنٹس رضاکارانہ طور پر فلاحی کاموں میں حصہ لیتے ہیں ان کے تجربے میں بھی اضافہ ہوتا ہے اور ان کی سی وی بھی پُرکشش ہوجاتی ہے۔ بہت سی یونیورسٹیز ایسے اسٹوڈنٹس کو ترجیحی بنیادوں پر اسکالر شپس دیتی ہیں جو کمیونٹی لیول پر رضاکارانہ خدمات انجام دیتے ہیں یا فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔ کمیونٹی کی سطح پر فلاحی کاموں کے ساتھ ساتھ آپ کسی این جی او کے لیے بھی اپنی خدمات پیش کرسکتے ہیں جس سے آپ میں انسانی ہمدردی پیدا ہوتی ہے اور تجربات میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ یہ تمام چیزیں اسکالر شپ کے حصول میں آپ کی بہت مدد کرتی ہیں۔
اپنے بارے میں ایک پُراثر مضمون لکھیں
اپنے بارے میں مضمون لکھتے ہوئے یہ انتہائی ضروری ہے کہ ایسی زبان استعمال کی جائے جس سے آپ کی تحریر میں اثر پیدا ہو اور پڑھنے والے کو لگے کہ آپ کے اندر ایک بہترین قلم کار کے خواص موجود ہیں۔ اپنے بارے میں لکھتے ہوئے اپنے مضمون کو کسی قصے یا کہانی کی طرح شروع کریں اور اس میں اپنی محنت، لگن اور کامیابیوں کے بارے میں تحریر کریں چاہے وہ کامیابی تعلیمی سلسلے میں ہو یا سماجی سطح پر آپ نے کوئی کارنامہ انجام دیا ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ اپنی زندگی میں آنے والی مشکلات کا ذکر کرنا بھی دلچسپی سے خالی نہیں ہوگا۔ چاہے یہ مشکلات مالی ہوں یا سماجی۔ اس سے اسکالر شپ دینے والی انتظامیہ کو آپ کے بارے میں پتہ چلے گا کہ آپ واقعی اس انعام کے مستحق ہیں یا نہیں۔
اسپانسرز کے بارے میں اچھی طرح تحقیق کریں
ہر اسکالر شپ کے کچھ نہ کچھ مخصوص زمرہ جات ہوتے ہیں جن پر پورا اترنے والے اسٹوڈنٹس ہی وہ اسکالر شپ حاصل کر پاتے ہیں اس لیے کسی بھی اسکالر شپ کے بارے میں علم ہونے پر اچھی طرح تحقیق کریں، اس کی گہرائی میں جائیں اور پتہ لگائیں کہ یہ اسکالر شپ کیوں دی جارہی ہے اور کس قسم کے اسٹوڈنٹس کو دی جائے گی۔ اسکالر شپ آفر کرنے والی یونیورسٹی کی ویب سائٹ کی اچھی طرح جانچ پڑتال کریں، آرگنائزیشن کے اغراض و مقاصد کے بارے میں بیان کی گئی پالیسی کو دھیان سے پڑھیں اور جب اسکالر شپ کے لیے اپلائی کریں تو اپنے مضمون میں اس کا حوالہ بھی دیں۔ جب آپ اسکالر شپ دینے والی انتظامیہ کے اغراض و مقاصد اور اسکالر شپ کے تمام پہلوئوں سے واقف ہو جائیں گے تو آپ کے لیے اس کے حصول کی راہ بھی ہموار ہو جائے گی۔
اپنے ہائی جی پی اے کو مستحکم رکھیں
آپ چاہے ملکی سطح پر اسکالر شپ تلاش کررہے ہوں یا انٹرنیشنل لیول پر ایک چیز کا خیال آپ کو ہمیشہ رکھنا ہوگا اور وہ ہے آپ کا جی پی اے یعنی گریڈ پوائنٹ ایوریج۔ یاد رکھیں کہ اسکالر شپس دینے والے ادارے ایسے باصلاحیت اسٹوڈنٹس کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں جن کا جی پی اے ہائی ہو۔ ایسے قابل اور با صلاحیت اسٹوڈنٹس جو پڑھنے میں بھی اچھے ہوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی آگے آگے ہوں۔ ایسے اسٹوڈنٹس کو ہر یونیورسٹی یا کالج خوشی خوشی اسکالر شپ دینے کو راضی ہو جاتے ہیں۔ اس لیے اپنے جی پی اے کو ہائی کریں اور اگر آپ کا جی پی اے پہلے ہی سے ہائی ہے تو اسے مستحکم رکھیں۔