آن لائن تعلیم فراہم کرنے والی بہترین ویب سائٹس

آن لائن تعلیم فراہم کرنے والی بہترین ویب سائٹس

آن لائن تعلیم فراہم کرنے والی بہترین ویب سائٹس

پانچ سال سے بھی کم عرصہ پیشتر کوئی یہ سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ کسی تعلیمی ادارے کی چار دیواری کے باہر بھی کسی کو تعلیم دی جاسکتی ہے۔ تعلیم کے حصول کی جب بات کی جاتی تھی تو سب یہی سمجھتے تھے کہ استاد شاگرد آمنے سامنے بیٹھ کر ہی تعلیم کے فروغ کا عمل مکمل کر سکتے ہیں مگر انسانی زندگی میں سوشل میڈیا کے عمل دخل میں اضافے سے آن لائن ایجوکیشن کے فروغ میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اس نظام کے باعث اب کسی بھی شخص کے لیے گھربیٹھے تعلیم حاصل کرنا انتہائی آسان ہوگیا ہے۔   

آن لائن پڑھنے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ آپ کے پاس اپنی پسند کے مضامین پڑھنے کی آزادی ہے اور ساتھ میں یہ فائدہ بھی ہے کہ آپ جب چاہیں پڑھ سکتے ہیں یعنی اپنے روز مرہ معمولات کے حساب سے اپنے وقت کو تقسیم کر کے اپنی پڑھائی کے لیے وقف کرسکتے ہیں۔ آپ اپنے گھر پر، اپنے کمرے میں، اپنی مرضی اور سہولت کے مطابق پڑھ سکتے ہیں اور وہ بھی انتہائی کم قیمت میں۔

آن لائن ملنے والا نصاب بھی بہت متاثر کُن ہوتا ہے اور گھر بیٹھ کر پڑھنے والے طلبا و طالبات کی ضرورت اور سہولت کو مدِ نظر رکھ کر بنایا جاتا ہے اس لیے کہا جاتا ہے کہ آن لائن پڑھنے کے بہت سے فوائد ہیں۔

ہم ذیل میں آپ کے لیے کچھ ایسی ویب سائٹس کی فہرست شامل کررہے ہیں جو آپ کو گھر بیٹھے معیاری تعلیم فراہم کرتی ہیں۔ یہ کچھ مختلف اور منفرد قسم کے پلیٹ فارم ہیں ان میں سے آپ اپنی پسند اور سہولت کے مطابق کسی بھی ویب سائٹ کو منتخب کرسکتے ہیں اور پھر وہاں پر جا کر تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔

کورسیرا

کورسیرا ڈاٹ او آر جی ایک مفت تعلیم فراہم کرنے والا آن لائن پلیٹ فارم ہے جہاں پر مضامین اور موضوعات کی بہتات ہے۔ اس ادارے میں ایسے اساتذہ اور طلبا کو بھرتی کر رکھا ہے جو یہاں سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کے لیے ویڈیو لیکچرز بناتے ہیں، طلبا کو دیئے گئے اسائنمنٹس پر اپنا ردِ عمل دیتے ہیں اور طلبا کی مدد کے لیے ہونے والی بات چیت میں شامل بھی ہوتے ہیں تاکہ اپنے پڑھنے والوں کو مفید مشورے دے سکیں۔ تعلیم کے فروغ کے لیے کورسیرا کا اعلیٰ معیار کی جامعات اور اسکولوں کے ساتھ الحاق ہے جن کی مشاورت سے طلبا کے لیے نصاب تیار کیا جاتا ہے یہاں سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو ای سرٹیفکیٹ بھی دیا جاتا ہے۔

خان اکیڈمی

خان اکیڈمی ڈاٹ او آر جی بھی تعلیم کے فروغ میں سرگرداں ایک ایسی ویب سائٹ ہے جو اپنے طلبا کو مضامین کی تفاصیل فراہم کرتی ہے تاکہ یہاں سے پڑھنے والے اچھی طرح سوچ بچار کرلیں۔ اس ویب سائٹ کے ذریعے پڑھنے والے طلبا کو مختلف مضامین اور لیکچرز کے ذریعے نظامِ تعلیم سے جوڑ کے رکھا جاتا ہے۔ ریکارڈ شدہ لیکچرز کے ذریعے اساتذہ اپنے پڑھنے والوں کو ہر مضمون قدم بقدم اور آسان کر کے پڑھاتے ہیں تاکہ طلبا کو اچھی طرح ذہن نشیں ہوجائے۔

خان اکیڈمی سے پڑھنے والوں کے لیے سائنس، ریاضی، کیمسٹری اور فزکس جیسے مضامین کو آسانی سے سمجھانے کے لیے ایسے مددگار ٹولز استعمال کئے جاتے ہیں جس سے طلبا بغیر کسی دقت کے ان مضامین کو سمجھ سکیں۔

یہاں پیش کردہ ویڈیوز بہت تفصیلی ہوتی ہیں جن سے کالج اور یونیورسٹی کے طلبا بھی بہت کچھ سیکھتے ہیں اور بعض اوقات اساتذہ بھی اپنے مضامین کی تیاری کے لیے ان تفصیلی ویڈیوز سے مدد لیتے ہیں۔

ای ڈی ایکس

ای ڈی ایکس ڈاٹ کام بھی تعلیم کے فروغ میں سرگرداں ایک ویب سائٹ ہے جس کی بنیاد بہت مضبوط ہے۔ اس ویب سائٹ کو ہارورڈ، ایم آئی ٹی اور یو سی بارکلے جیسے ادارے فنڈ دیتے ہیں۔ ای ڈی ایکس کی انتظامیہ کے مطابق اس ویب سائٹ کو بنانے کا مقصد یہ تھا کہ تعلیم کو عام کیا جائے اور ایسے طلبا و طالبات کو بھی پڑھائی میں مدد دی جائے جو اچھی تعلیم حاصل کرنے کے لیے مہنگے اداروں سے رجوع کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ ای ڈی ایکس ہر طرح کے طلبا کو اپنی خدمات پیش کرتی ہے۔ آپ چاہے دنیا کے کسی بھی ملک میں رہتے ہوں اور آپ کی مالی استعداد چاہے جیسی بھی ہو آپ ای ڈی ایکس کے ذریعے اچھی تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ ویب سائٹ ہر طرح کا تعلیمی بیک گرائونڈ رکھنے والے طلبا و طالبات کو اپنی خدمات پیش کرتی ہے۔ ای ڈی ایکس پر آرٹس، ڈیٹا سائنسز اور مائیکروبیالوجی کے کورسز بھی دستیاب ہیں آپ جب چاہیں ان مضامین سے استفادہ کرسکتے ہیں۔

کوڈ اکیڈمی

کوڈ اکیڈمی بھی تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ایک ایسی ہی ویب سائٹ ہے جہاں کمپیوٹر سائنس کے مختلف درجات پڑھائے جاتے ہیں۔ کوڈ اکیڈمی کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی خدمات کے ذریعے سے دنیا بھر میں درجنوں طلبا و طالبات کے گریڈز اور زندگیاں بچائی ہیں۔ یہاں کمپیوٹر سائنس کے حوالے سے لائیو سیشنز ہوتے ہیں جنہیں آپ دیکھ بھی سکتے ہیں اور ان میں حصہ بھی لے سکتے ہیں۔ ایک کے بعد چلنے والے یہ کمپیوٹر کورسز آپ کو ایک سیشن ختم ہونے کے بعد دوسرے سیشن سے جوڑ دیتے ہیں یوں کمپیوٹر کی تعلیم حاصل کرنے کا آپ کا سلسلہ بغیر کسی تعطل کے چلتا رہتا ہے۔ اگر آپ کمپیوٹر سائنسز کے طالب علم ہیں تو آپ کو اس ویب سائٹ سے ضرور رجوع کرنا چاہیے۔   

آئی وی لیگ یونیورسٹیز

آن لائن تعلیم کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ ہر کوئی اس کا حصہ بننا چاہتا ہے۔ بہت ساری اعلیٰ معیار کی حامل آئی وی لیگ یونیورسٹیز نے آپ کو آن لائن تعلیم کے حصول کی سہولت دے رکھی ہے۔ یہ ایسی اعلیٰ اور معیاری جامعات ہیں جن میں پڑھنے کا اب سے پہلے صرف خواب ہی دیکھا جاسکتا تھا مگر اب ان یونیورسٹیز نے بھی طلبا کے لیے آسانی پیدا کی ہے جس کا طریقہ کار یہ ہے کہ آپ یہاں سے آن لائن ایک کورس کریں، سرٹیفکیٹ حاصل کریں اور ان معیاری جامعات کا حصہ بن کر اپنے خواب پورے کریں۔

ان الحاق شدہ معیاری تعلیمی اداروں میں ہارورڈ ایکسٹینشن اسکول، یوسی بارکلے اور کارنیگی میلون یونیورسٹی اور دیگر اہم ادارے شامل ہیں جو آپ کو مختلف نوعیت کے کورسز کرواتے ہیں اور بہت ساری فائدہ مند چیزیں سکھاتے ہیں۔   

ماسٹر کلاس

آن لائن ایجوکیشن کی جب ہم بات کرتے ہیں تو اس قسم کی ویب سائٹس زیادہ تر آپ کو مرکزی شعبہ جات میں ڈگری کورسز کرواتی ہیں جیسے ہارڈ اینڈ سوفٹ سائنسز وغیرہ۔ دوسری جانب آرٹس کا پورا میدان ہے جس میں علمِ انسانی اور سوشل سائنسز وغیرہ شامل ہیں یہ ایسے مضامین ہیں جنہیں ضرور پڑھنا چاہیے۔ اس حوالے سے ماسٹر کلاس ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو اس حوالے سے سب سے منفرد اور ممتاز مقام رکھتا ہے۔ یہاں بہت سارے تخلیق کار موجود ہیں جن میں اہم اداکار، موسیقار، ہدایت کار، کمپوزر، لکھاری اور آرٹس سے تعلق رکھنے والے اپنے اپنے شعبوں کے دیگر اہم افراد موجود ہیں جو ماسٹر کلاس کے لیے ویڈیوز بناتے ہیں اور ان ویڈیوز کے ذریعے یہاں آنے والے طلبا و طالبات کو تعلیم دیتے ہیں۔ اس ویب سائٹ پر دستیاب تخلیقی مواد تک پہنچنے کے لیے آپ کو سالانہ 180 ڈالر خرچ کرنا ہوں گے مگر یہاں سے جو کچھ آپ سیکھتے اور جو کامیابی حاصل کرتے ہیں وہ بیش قیمت ہے اور اس کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔

 

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©️ 2021 کیمپس گرو