وزارت تعلیم کا اومیکرون کے بارے میں بیداری پیدا کے لیے ایس ایم ایس سروس کا آغاز
وزارت تعلیم کا اومیکرون کے بارے میں بیداری پیدا کے لیے ایس ایم ایس سروس کا آغاز
وفاقی وزارت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے طلباء، اساتذہ اور والدین میں کورونا وائرس کے ویریئنٹ اومیکرون کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے ایس ایم ایس سروس مہم کا آغاز کیا ہے۔
وفاقی وزارت کے مطابق عوامی آگاہی مہم وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود کے حکم پر شروع کی گئی۔
وفاقی وزارت نے ایک ٹوئٹر پوسٹ میں کہا کہ وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی ہدایت پر وفاقی وزارت تعلیم نے کورونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے ایک ایس ایم ایس مہم شروع کی ہے۔
اس مہم کے پہلے مرحلے میں، وزارت نے ایک ٹیلی کام کمپنی کے ساتھ کام کیا تاکہ بیداری کے پیغام کے ساتھ 12 ملین صارفین تک پہنچ سکے۔ اس اقدام کا آغاز اسلام آباد سے ہوا اور اسے دیگر ٹیلی کام کمپنیوں کے ساتھ مل کر پورے پاکستان میں پھیلایا جائے گا۔
اس مہم کا مقصد کورونا وائرس کی اس نئی لہر کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے اور والدین، اساتذہ اور طلباء کو کورونا سے بچائو کے لیے بنائے گئے ایس او پیز پر عمل کرنے کی ترغیب دینا ہے۔ حکومت کے مطابق، 12 سال اور اس سے زیادہ عمر کے نوجوانوں کے لیے بھی ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔