اگست 2022 سے مڈل اسکولوں میں ایس این سی کے باقاعدہ نفاذ کا اعلان
اگست 2022 سے مڈل اسکولوں میں ایس این سی کے باقاعدہ نفاذ کا اعلان
وفاقی حکومت نے چھٹی سے آٹھویں جماعت کے طلباء کے لیے یکساں قومی نصاب (ایس این سی) کے نفاذ کی منظوری دے دی ہے جس کا باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا۔
اس بات کا انکشاف نیشنل کریکولم کونسل کی ڈائریکٹر ڈاکٹر مریم چغتائی نے ریڈیو پاکستان کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔
انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نیا اور یکساں قومی نصاب اگلے مرحلے میں اس سال اگست سے متعارف کرایا جائے گا۔
ڈاکٹر مریم چغتائی نے مزید کہا کہ ایس این سی کو لازمی مضامین جیسے ریاضی، سائنس، کمپیوٹر اور انگریزی کو مدِ نظر رکھ کر تشکیل دیا گیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ تمام بچوں کو ایک ہی سطح کے تصورات اور ہدایات حاصل ہوں۔
یکساں قومی نصاب:
اگست 2021 میں، وزیر اعظم عمران خان نے یکساں قومی نصاب (این این سی) کا پہلا مرحلہ متعارف کرایا، جو ملک میں 'تعلیمی تفریق کو ختم کرنے' کے ہدف کے ساتھ پری ون (کنڈرگارٹن) سے لے کر پانچویں جماعت تک کا احاطہ کرے گا۔
ایس این سی کو وفاقی تعلیم کی وزارت نے قومی نصاب کونسل کے ساتھ مل کر تمام وفاقی اکائیوں کے تعلیمی محکموں کے اشتراک سے تیار کیا ہے، یہ نصاب ملک کے تمام نوجوانوں کو یکساں نصاب کے تحت لانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
حکومت ، پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد یکساں نصاب کے دوسرے حصے کو گریڈ 6 سے گریڈ 8 تک کے لیے اگست 2022 میں اور تیسرے مرحلے میں گریڈ 9 سے گریڈ 11 تک کے لیے اگست 2023 میں نافذ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔