ملک بھر میں 2021 سے یکساں تعلیی نصاب کے نفاذ کا فیصلہ
ملک بھر میں 2021 سے یکساں تعلیی نصاب کے نفاذ کا فیصلہ
وزارت تعلیم اور پروفیشنل ٹریننگ نے ملک بھر میں یکساں قومی نصاب (ایس این سی) کے نفاذ کے پہلے مرحلے کا اعلان کردیا ہے جس پر عمل درآمد اگلے سال سے شروع ہوگا۔
سرکاری دستاویز کے مطابق ایس این سی کا نفاذ مرحلہ وار کیا جائے گا۔ یکساں تعلیمی نصاب کے تحت پہلی سے پانچویں جماعت تک مارچ 2021 میں، کلاس 6 سے 8 تک مارچ 2022 میں اور کلاس 9 سے 12 کے لیے 2023 میں یکساں تعلیمی نصاب متعارف کرایا جائے گا۔
مزید پڑھیں: ترک معارف فاؤنڈیشن کا آزاد جموں و کشمیر میں کیمپس قائم کرنے کا اعلان
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ایک بیان میں کہا کہ پہلی جماعت سے پانچویں تک کے لیے ایس این سی کا سیاق و سباق ان کی وزارت کی ویب سائٹ پر شائع ہوچکا ہے اور یہاں سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو بورڈ میں لیے جانے کے بعد ایک غیر معمولی جائزہ لیا گیا جس کے بعد یہ یکساں تعلیمی نصاب تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تعلیمی نصاب کو بہتر بنانے کے لیے دی جانے والی تجاویز کا بھی خیر مقدم کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اجاگر کرنے کے لیے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں کشمیر ڈیسک قائم
سرکاری دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ نیا نصاب تمام بچوں کی سماجی اور مالی حیثیت سے قطع نظر اعلیٰ تعلیم کے یکساں مواقع کی فراہمی اور تعلیم حاصل کرنے کے امکانات کی حوصلہ افزائی کے لیے وضع کیا گیا ہے۔ سرکاری دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سب کے لیے یکساں نظام تعلیم کی فراہمی ہے تاکہ تمام بچوں کو اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کی جاسکے۔
نئے نصاب کو پاکستان کے تمام اسکولوں اور سرکاری و نجی شعبے کے ساتھ ساتھ مدارس میں بھی نافذ کیا جائے گا۔