میٹرک، انٹر کے امتحانات کے لیے کوئی ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، سعید غنی
میٹرک، انٹر کے امتحانات کے لیے کوئی ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، سعید غنی
وزیر تعلیم سندھ، سعید غنی نے جمعرات کے روز کہا کہ نویں اور دسویں جماعت کے بورڈ کے امتحانات کا آغاز کرنے کا حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ تمام کلاسوں کے لازمی فائنل امتحانات اس سال ہوں گے اور بغیر کسی امتحان کے کسی طالب علم کی ترقی نہیں ہوگی۔
یہ بات انہوں نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے آئندہ سالانہ امتحانات کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
مزید پڑھیئے: بلوچستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ملتوی
بین الصوبائی وزرا کی میٹنگ کے دوران، تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے اور امتحانات کے ٹائم ٹیبل سے متعلق تمام صوبوں کی طرف سے متعدد تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ اس سے قبل اسٹیئرنگ کمیٹی میں میٹرک کے امتحانات یکم جولائی اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 28 جولائی کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہم نے این سی او سی کے اجلاس کے فیصلے کی روشنی میں 23 مئی تک تدریسی عمل کو موخر کردیا ہے اور ہم اگلے اجلاس میں اس معاملے پر مزید غور کریں گے۔
مزید پڑھیئے: پنجاب نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کردیا
اجلاس میں سندھ میں قائم بورڈز کو بتایا گیا کہ مقررہ تاریخوں پر امتحانات کے انعقاد کے لیے تمام تیاریاں کرلی گئی ہیں۔
صوبائی وزیر تعلیم نے بورڈز کو ہدایت کی کہ وہ دیگر آپشنز پر بھی رپورٹ مرتب کر کے انہیں پیش کریں۔
اس اجلاس میں اسکول ایجوکیشن کے سیکریٹری احمد بخش ناریجو، ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر فوزیہ خان، سندھ بورڈ کمیٹی اور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین و دیگر موجود تھے