نو سالہ پاکستانی لڑکی نے بھارتی پروفیسر کو ہرا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا
نو سالہ پاکستانی لڑکی نے بھارتی پروفیسر کو ہرا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا
گلف نیوز کے مطابق 18 جولائی 2020 کو سائنس سے دلچسپی رکھنے والی نو سالہ پاکلستانی لڑکی نتالیہ نجم نے پیری اوڈک چارٹ کے تمام کیمیائی عناصر کو صرف 2 منٹ 42 سیکنڈ میں ترتیب دینے کے بعد گینز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرایا۔
نتالیہ نجم نے پچھلا ریکارڈ 7 سیکنڈز کی برتری کے ساتھ توڑ دیا جو کہ ایک بھارتی پروفیسر میناکشی اگروال نے قائم کیا تھا۔ بھارتی پروفیسر کا ریکارڈ توڑنے والی نو سالہ پاکستانی لڑکی دنیا کے تیز ترین اور کم عمر ترین متواتر جدول (پیری اوڈک چارٹ) کے کیمیائی عناصر کو مختصر ترین وقت میں ترتیب دینے والی دنیا کی سب سے کم عمر لڑکی بن گئی ہے۔
ریکارڈ قائم کرنے کے بعد کمسن پاکستانی لڑکی خوشی سے جھوم اٹھی جب ججز نے اس کے اس کارنامے کو تھمس اپ کر کے سراہا۔ نو سالہ پاکستانی لڑکی، نتالیہ نجم نے یہ کارنامہ بھارت سے تعلق رکھنے والی معاشیات کی ایک پروفیسر میناکشی اگروال کا ریکارڈ توڑ کر سر انجام دیا ہے۔ جنہوں نے اسی کام کو 2 منٹ 49 سیکنڈ میں مکمل کیا تھا۔ نوجوان پاکستانی لڑکی کو امید ہے کہ اس کا یہ کارنامہ دنیا بھر کے بچوں کو سائنس کے مضمون میں حصہ لینے کے لیے متاثر کرے گا اور ان کے اندر سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (STEM) میں کیریئر کے حصول کے لیے جذبہ بیدار کرے گا۔
سوشل میڈیا پر موجود بہت سارے پاکستانیوں نے انھیں "پاکستان کی نوجوان سائنسدان" کا خطاب دیا ہے اور کہا ہے کہ ان کا یہ کارنامہ نوجوانوں، خصوصاً لڑکیوں کو سائنس کے مضامین اپنانے کے حوالے سے ایک تحریک پیدا کرے گا۔ مقامی میڈیا کے مطابق نتالیہ نجم کے والد حسن نجم کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی نے اسکول کی باضابطہ تعلیم حاصل نہیں کی ہے اور انہوں نے جو کچھ بھی پڑھا ہے وہ گھر پر ہی پڑھا ہے۔
یہ خبر گلف نیوز سے اخذ کی گئی ہے۔