کراچی یونیورسٹی کا شعبہ فارمیسی کیو ایس رینکنگ میں 200 میں سے 151 ویں نمبر پر
کراچی یونیورسٹی کا شعبہ فارمیسی کیو ایس رینکنگ میں 200 میں سے 151 ویں نمبر پر
یونیورسٹی آف کراچی کی فارمیسی اور فارماسیوٹیکل سائنسز کی فیکلٹی نے حالیہ کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میں دنیا بھر کے200 بہترین فارمیسی اسکولوں میں ہونے والی درجہ بندی میں 151 واں نمبر حاصل کیا ہے۔
جمعرات کے روز کے یو کے ڈیپارٹمنٹ آف فارمیسی نے بتایا کہ اس درجہ بندی کو دنیا بھر کی یونیورسٹیوں کو ان کی تعلیمی کارکردگی، آجر کی ساکھ اور تحقیقی اثرات کی بنیاد پر قائم کیا جاتا ہے۔
اس کامیابی کو اجاگر کرنے کے لیے کراچی یونیورسٹی نے کے یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی موجودگی میں نئے فارمیسی ڈیپارٹمنٹ کی عمارت کے کونسل روم میں ایک تقریب کا اہتمام کیا۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے بتایا کہ فارمیسی کی فیکلٹی نے گذشتہ پانچ سال میں تقریباً نو ہزار گریجویٹس تیار کیے ہیں جبکہ ڈیڑھ سو سے زائد اعلیٰ معیار کی پبلی کیشنز پیش کی ہیں۔ اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ فارمیسی ڈیپارٹمنٹ تحقیقاتی مقالوں کے 8،000 حوالہ جات تیار کرنے میں کامیاب ہوا اور اساتذہ اور فارماسیوٹیکل سائنسز کی فیکلٹی کے کریڈٹ پر آج تک فیکلٹی کے شائع ہونے والے جرائد بھی موجود ہیں۔ ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ یہاں سے 253 پی ایچ ڈی، 338 ایم فل اور 358اسٹوڈنٹس کو ایم فارم کی ڈگری سے نوازا گیا ہے۔