کورونا وائرس کا بحران جاری، آئی بی اے نے داخلے کے عمل کو آسان کردیا
کورونا وائرس کا بحران جاری، آئی بی اے نے داخلے کے عمل کو آسان کردیا
ایک طرف دنیا بھر میں طلبہ پر غیر یقینی صورتحال کے بادل چھائے ہوئے ہیں تو دوسری جانب انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی، نے طلباء کے داخلے کا عمل آسان بنانے کے لیے نئی پالیسی وضع کرلی ہے۔ طلباء کے قیمتی وقت کو زیاں سے بچانے کے لیے آئی بی اے کراچی کی جانب سے کچھ اہم اقدامات کئے گئے ہیں۔ انسٹی ٹیوٹ کا کہنا ہے کہ کیمبرج بورڈ کے ذریعہ گائیڈنس گریڈنگ اور مقامی بورڈز آف ایجوکیشن کی جانب سے جاری کئے گئے فائنل امتحانات کے نتائج قبول کیے جائیں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ انسٹی ٹیوٹ ان طلباء کو بھی جگہ دے گا جن کے اے لیول کے نتائج زیر التوا ہیں، ان طلباء کو مشروط داخلہ پیش کیا جائے گا۔ طلباء کی نشستوں کو محفوظ بنانے کے لیے، امیدوار سال کے آخر تک امتحان دینے اور اپنا نتیجہ انسٹیٹیوٹ میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے۔ جبکہ طلبا کو آئی بی اے میں اپنی پڑھائی میں حصہ ڈالتے ہوئے اپنے اے لیول کے امتحانات پر مرکوز رہنے کے لیے ایک مختصر (نظرِثانی شدہ) کورس کی پیش کش بھی کی جائے گی۔
پالیسی میں یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث ہونے والے لاک ڈاؤن کی توسیع کی صورت میں انسٹیٹیوٹ انٹرویو کی بنیاد پر منتخب امیدواروں کو داخلہ دے گا جبکہ ایپٹیٹیوڈ ٹیسٹ کو ختم کردیا جائے گا۔
متعلقہ پروگراموں میں داخلہ لینے کی خواہش رکھنے والے تمام امیدوار اگر ایک ساتھ درخواست فارم جمع کرواتے ہیں تو انتخاب کا معیار آئی بی اے کی داخلہ کمیٹی وضع کرے گی۔
فارم اور ڈیڈ لائن کیلنڈر کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے طلباء آئی بی اے کی ویب سائٹ ملاحظہ کرسکتے ہیں۔
نئی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے آئی بی اے کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹر، ڈاکٹر ایس اکبر زیدی نے طالب علموں کے لیے تشویش کا اظہار کیا جو انسٹی ٹیوٹ اور ملک و قوم کا مستقبل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی بی اے وقت پر نئے تعلیمی سال کا آغاز کرے گا اور اس عزم کی تکمیل میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ہم داخلے کے عمل کو اپنی حد تک لچکدار اور با سہولت بنانے کی کوشش کریں گے جبکہ میرٹ کو برقرار رکھتے ہوئے اور معیار کو یقینی بناتے ہوئے غیر معمولی حالات سے متاثرہ طلباء کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔