مردان: طالبہ نے انٹر کے امتحان میں 100 فیصد نمبر حاصل کرلیے
مردان: طالبہ نے انٹر کے امتحان میں 100 فیصد نمبر حاصل کرلیے
مردان کے ایک پرائیویٹ اسکول کی طالبہ نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے امتحانات میں 100 فیصد نمبر حاصل کیے ہیں جو کہ کسی بھی طالب علم کی جانب سے سب سے زیادہ حاصل کردہ نمبرز کا ایک نیا ریکارڈ ہے۔
بی آئی ایس ای مردان نے منگل کے روز پوزیشن ہولڈر طلباء کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔
اس خصوصی تقریب میں انٹر بورڈ کے امتحانات میں 1100 میں سے 1100 نمبر حاصل کر کے ٹاپ کرنے والی طالبہ قندیل کو متعارف کرایا گیا۔
مزید پڑھئے: کے پی کی دانش گاہوں پر تاریک سائے منڈلانے لگے
بی آئی ایس ای مردان نے پوزیشن ہولڈر طلباء کے لیے خصوصی ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب میں قندیل نامی طالبہ کو متعارف کرایا۔
قندیل نے 1100 میں سے 1100 نمبر حاصل کرنے کا نیا ملکی ریکارڈ قائم کیا تھا اور انٹرمیڈیٹ بورڈ کے امتحانات میں ٹاپ کیا تھا۔
قندیل نامی یہ طالبہ ایک یتیم لڑکی ہے جو صوبہ خیبر پختونخوا میں واحد طالبہ ہے جس نے کسی بھی بورڈ کے امتحانات میں سو فیصد نمبر حاصل کیے ہیں۔
ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قندیل نے کہا کہ اس کے والد کا کینسر کے موذی مرض کے باعث انتقال ہوگیا تھا لہٰذا وہ ڈاکٹر بننا چاہتی ہے اور اس مہلک بیماری میں مبتلا مریض کا علاج کرنا چاہتی ہے۔
قندیل کی والدہ ایک سرکاری اسکول کی ٹیچر ہیں اور اپنے خواب کی تکمیل میں ان کا ساتھ دیتی ہیں۔
مزید پڑھئے: پنجاب حکومت نے اسکولوں کے لیے 3.55 ارب روپے جاری کردیے
مردان کے دیگر طلباء شرجیل احمد، فرحان نسیم اور محمد بلال حیدر نے بھی اس یادگار تقریب میں ایوارڈز وصول کیے۔
تینوں طلباء نے 1100 میں سے 1098 نمبر حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
دوسری جانب بی آئی ایس ای بنوں نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے نتائج کا اعلان بھی کردیا ہے۔
ان نتائج کے مطابق مزدلفہ بی بی اور علی محمد خان نے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں 1100 میں سے 1094 نمبر حاصل کر کے ٹاپ کیا جبکہ فاطمہ جمشید نے 1092 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔