سندھ میں نقل مافیا اور بد نظمی، طلباء میں غم و غصہ

سندھ میں نقل مافیا اور بد نظمی، طلباء میں غم و غصہ

سندھ میں نقل مافیا اور بد نظمی، طلباء میں غم و غصہ

کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے سالانہ بورڈ کے امتحان کے بعد متعدد طلباء نے اتھارٹی کے خلاف برہمی اور ناراضی کا اظہار کیا۔

پیر کے روز ایک ویڈیو ٹوئٹر سمیت سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تھی جس میں ویمنز کالج ناظم آباد میں طالبات کو امتحانی سنٹر میں کالج مینیجمنٹ اور اساتذہ کے ذریعے کی جانے والی بد دیانتی کے خلاف غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

طلباء نے کہا کہ سیکڑوں طلباء کی کلاس میں صرف دو سوالیہ پیپر گردش کررہے تھے اور ہر طرف ایک افراتفری کا عالم تھا۔

مزید پڑھئے: خیبرپختونخوا میں نویں اور گیارہویں جماعت کے امتحانات کی تیاریاں مکمل

ایک اور طالب علم نے بتایا کہ جب انہوں نے انفرادی سوالنامے فراہم نہ کرنے اور اس بد انتظامی کی شکایت کی تو اساتذہ نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی اور انہیں دھمکایا گیا۔

ایک اور طالب علم نے بتایا کہ ان سے حل کیے ہوئے پرچے اختتامی وقت سے پہلے ہی لے لیے گئے، ان کا کہنا تھا کہ امتحانی مرکز میں بد انتظامی کی وجہ سے ان کا تعلیمی سال ضائع ہوجائے گا۔

اطلاعات کے مطابق ، سندھ میں بھی پیپر لیک ہونے کے متعدد دیگر واقعات کی اطلاعات ملی ہیں جب بورڈ کے ذریعہ صوبے بھر میں انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات ہو رہے ہیں۔ پیپر لیک ہونے کی زیادہ تر اطلاعات اندرون سندھ سے سامنے آئیں جہاں پر امتحان شروع ہونے سے پہلے ہی واٹس ایپ گروپس پر پیپر گردش کررہے تھے۔ اطلاعات کے مطابق ، محراب پور اور نواب شاہ میں عملے کی موجودگی میں طلباء نے چیٹنگ کے مواد اور موبائل فون کھلے عام استعمال کیے۔

مزید پڑھئے: سندھ میں انٹر کے امتحانات، فزکس کا پیپر لیک

فزکس کا سوالیہ پیپر مبینہ طور پر امتحان شروع ہونے سے پہلے ہی میرپورخاص، سانگھڑ، محراب پور، نواب شاہ، تھری میر واہ اور شہید بینظیر آباد میں سوشل میڈیا پر گردش کررہا تھا۔

یہ امر قابل غور ہے کہ سندھ میں امتحانات کے دوران نقل کا کلچر، دھوکہ دہی اور غیر منصفانہ ذرائع کا استعمال ایک دیرینہ اور مستقل مسئلہ ہے جسے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سے قبل میٹرک کے امتحانات کے دوران بھی پیپر لیک ہونے کی خبریں معمول کی بات بن چکی تھی۔ اس سے قبل محکمہ تعلیم سندھ نے کہا تھا کہ امتحانات میں کسی بھی فرد، عملے، طلباء یا انتظامیہ کو دھوکہ دہی میں یا غیر منصفانہ ذرائع استعمال کرنے میں ملوث پائے جانے پر سختی سے نمٹا جائے گا۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©️ 2021 کیمپس گرو