آغا خان یونیورسٹی نے ٹیچرز اکیڈمی کا افتتاح کردیا
آغا خان یونیورسٹی نے ٹیچرز اکیڈمی کا افتتاح کردیا
آغا خان یونیورسٹی نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اساتذہ کی خدمات کو تسلیم کے لیے ٹیچرز اکیڈمی کا آغاز کردیا ہے۔ مشرقی افریقہ اور پاکستان میں یہ اپنی نوعیت کی یہ پہلی اکیڈمی ہے، جس کی افتتاحی تقریب میں ٹیچرز کو رکنیت لینے کو کہا گیا۔
بدھ کے روز یونیورسٹی کے نیٹ ورک آف کوالٹی، ٹیچنگ اینڈ لرننگ کے زیر اہتمام ایک ورچوئل تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یونیورسٹی کا نیٹ ورک آف کوالٹی، ٹیچنگ اینڈ لرننگ فیکلٹی کی پیشہ ورانہ ترقی کی حمایت کرتا ہے اور پوری دنیا میں اے کے یو کے چھ کیمپس میں تدریسی معیارات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
مزید پڑھیں: سندھ حکومت نے نجی اسکول کو سیل کردیا، غیر حاضر فیکلٹی کو نوٹس جاری
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب پرووسٹ ڈاکٹر تاشمن خمیس نے کہا کہ اساتذہ کی خدمات کو تسلیم کرنے اور اجر سے نوازنے کا عمل درس و تدریس کے شعبے میں اساتذہ کی فضیلت کو فروغ دیتا ہے جو طلبا کو تخلیقی کام اور اختراعی نظریات کی پیروی کرنے اور ان کی کامل صلاحیتوں کو حاصل کرنے میں جانفشانی سے کام کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ہم جس تیزی سے بدلتے ہوئے ماحول میں رہ رہے ہیں اس میں تعلیم کی فضیلت ہمارے طلبا کو اپنی برادریوں کے مستقبل کے رہنما بننے کے لیے تیار کرنے میں مدد دیتی ہے۔ اے کے یو کی ٹیچرز اکیڈمی تدریسی شعبے میں مزید عمدگی لانے کے لیے تسلیم شدہ فیکلٹی کی ایک جماعت تیار کرے گی جو تدریس کو فروغ دینے اور اپنے ساتھیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے روشن مثال قائم کرے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے کے یو کے صدر فیروز رسول نے کہا کہ اے کے یو وہ پہلا اور واحد ادارہ ہے جسے جنوبی ایشیاء اور مشرقی افریقہ میں ہائیر ایجوکیشن اکیڈمی کی جانب سے منظوری دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: آڈٹ گروپ سے عبد الولی خان یونیورسٹی کا خزانچی مقرر کیا جائے گا
اکیڈمی کے مشاورتی بورڈ کے چیئر مین ڈاکٹر ہائل ٹی دیباس نے کہا کہ اکیڈمی کی تشکیل سے عالمی سطح پر اعلیٰ یونیورسٹیز میں اے کے یو کی ساکھ میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اکیڈمی اے کے یو کے اساتذہ کو ٹھوس پہچان فراہم کرے گی۔
اس موقع پر پرووسٹ ڈاکٹر کارل امرحین نے اکیڈمی کے آغاز کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کاوشوں سے کورونا کے وبائی امراض کے دوران معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر اے کے یو فیکلٹی کو آن لائن تعلیم کی منتقلی کے عمل میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تدریس کا عمل 'چاک اینڈ ٹاک' اور ویڈیو لیکچرز سے آگے بڑھ چکا ہے تاکہ طلباء کو فعال طور پر سیکھنے کے عمل میں شامل کیا جاسکے۔
اس تقریب میں پاکستان، مشرقی افریقہ اور برطانیہ کے اے کے یو فیکلٹی اور دیگر عملے نے شرکت کی۔