پاکستان کی 75 ویں سالگرہ پر برطانیہ کا 75 اسکالرشپس کا تحفہ
پاکستان کی 75 ویں سالگرہ پر برطانیہ کا 75 اسکالرشپس کا تحفہ
برطانیہ نے پاکستانی طلباء کے لیے 75 اسکالرشپس کا اعلان کیا ہے۔ برطانیہ کے ساتھ پاکستان کے 75 سالہ تعلقات اور پاکستان کے 75 ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے متعدد وظائف کا اعلان کیا گیا ہے۔
لاہور میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران برطانوی ہائی کمیشن نے 75 اسکالرشپس کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ باصلاحیت پاکستانی اسٹوڈنٹس کے لیے 75 اسکالرشپس پیش کی جائیں گی، 63 اسکالرشپس شیوننگ اسکالرشپ پروگرام کے تحت اور 12 وظائف گریٹ اسکالرشپ پروگرام کے تحت پاکستان کے ہونہار طلبہ و طالبات کو پیش کیے جائیں گے۔
برطانیہ کی جانب سے پیش کی جانے والی تمام اسکالرشپس کی طرح، برطانوی ہائی کمیشن صنفی مساوات کو یقینی بناتا ہے۔ ان وظائف کی اکثریت خواتین طالبات کو دی جائے گی۔
دیگر معززین کے ساتھ پنجاب کے وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس اور پنجاب میں برطانیہ کے نمائندے ایلکس بالنگر نے تقریب میں شرکت کی۔
ایلکس بالنگر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ 75 اسکالرشپس سیلاب کے بعد پاکستان کی تعمیر نو میں اہم کردار ادا کریں گی۔ اس کے علاوہ، ایلکس بالنگر نے پاکستان کی تاریخ کے بدترین سیلاب کے متاثرین کی مکمل مدد کا وعدہ کیا، انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت کی اس گھڑی میں برطانیہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔