پڑھائی کا دبائو ایک اور معصوم طالبِ علم کی جان لے گیا
پڑھائی کا دبائو ایک اور معصوم طالبِ علم کی جان لے گیا
پڑھائی کے بارے میں تسلی بخش جواب نہ دینے پر کراچی میں سنگدل باپ نے بیٹے پر تیل چھڑک کر آگ لگا دی۔ ایکسپریس نیو زکے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے اقبال مارکیٹ میں باپ نے بیٹے پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی جس کے باعث دو دن زیر علاج رہنے کے بعد بیٹا انتقال کر گیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا، واقعہ پڑھائی میں دل نہ لگانے اور پتنگ اڑانے کی ضد کرنے پر پیش آیا۔
پولیس کے مطابق 14 ستمبر کو اقبال مارکیٹ کے رہائشی نذیر خان کے 12 سالہ بیٹے نے اپنے والد سے پتنگ اڑانے کی ضد کی، اس دوران جب باپ نے اپنے بیٹے سے پڑھائی کے بارے میں پوچھا تو وہ کوئی جواب نہیں دے سکا، اس نے اسکول کے ہوم ورک کے بارے میں معلوم کیا تو بھی بچے نے کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا جس پر نذیر خان کو اپنے بیٹے پر غصہ آگیا۔ باپ نے بیٹے پر مٹی کا تیل ڈال دیا اور ماچس کی تیلی جلا کر اس پر پھینک دی جس سے بیٹا شعلوں کی نذر ہوگیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ چیخ و پکار سننے پر بچے کی ماں شازیہ بھی اسے بچانے آئی جبکہ والد نذیر نے بھی اس پر کمبل اور دیگر کپڑے ڈالے، بچے کو فوری طور پر سول اسپتال کے برنس وارڈ لے گیا جہاں بچہ دو روز تک زیر علاج رہنے کے بعد 16 ستمبر کو انتقال کر گیا۔
پولیس نے بچے کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم نذیر کو گرفتار کرلیا ہے، ابتدائی بیان میں ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے جبکہ اس سے مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔